تلنگانہ

چارمینار کے دامن میں عالمی حسینائیں۔تصویری جھلکیاں

چارمینار کے دامن میں عالمی حسیناوں کا قافلہ، دکن کی تہذیب نے دنیا کا دل جیت لیا

حیدرآباد، 13 مئی: تاریخی چارمینار کے پاس آج جب مس ورلڈ 2025  کی 140 حسینائیں پہنچیں تو یوں لگا جیسے تاریخ ثقافت اور حسن ایک ہی فریم میں قید ہو گئے ہوں۔ دکن کی سرزمین نے اپنے والہانہ استقبال سے دنیا بھر سے آئی ان مہمانوں کووالہانہ استقبال کیا۔

 

مرفع کے سازوں، نوبت و نقارے کی گونج اور روایتی لباس میں ملبوس فنکاروں نے مہمانوں کا استقبال شان سے کیا۔ اس ہیریٹیج میں لاڈ بازار، جلو خانہ، اور چومحلہ پیالس کے راستوں سے گزرتی یہ حسینائیں نہ صرف تصویریں بناتی رہیں بلکہ دکن کی روحانی، ثقافتی اور دستکاری کے جواہر کو دل سے محسوس کرتی رہیں۔

 

ماہر گائیڈس کی رہنمائی میں انہوں نے چارمینار کے فن تعمیر کا مشاہدہ کیا اور لاڈ بازار کی چمکتی چوڑیوں اور عطر و زیورات سے سجی دکانوں میں بھی داخل ہوئیں ۔جلو خانہ کے زردوزی کاریگر جب اپنی مہارت کے موتی بکھیر رہے تھے تو عالمی حسینائیں ان کے فن پر عش عش کر اٹھیں۔ موتی گلی کی روایتی دواسازی، اسلامی نسخے اور عرقیات ان کے لیے حیرت و دلچسپی کا مرکز بنے۔

 

یہ ہیریٹیج واک چومحلہ پیالس پر ختم ہوئی جہاں ایک شاندار شاہی عشائیہ کا اہتمام تھا۔ اس پروگرام کو دنیا کے 150 سے زائد ممالک میں براہِ راست نشر کیا گیا، جس نے حیدرآباد کو عالمی سیاحتی نقشے پر ایک درخشاں ستارے کی حیثیت دے دی۔

 

چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی کے ویژن کے مطابق یہ ایونٹ نہ صرف سیاحت کو فروغ دینے کا ذریعہ ثابت ہوا بلکہ دکن کی تہذیب، روایات اور حسنِ مہمان نوازی کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا بہترین ذریعہ بھی رہا۔

 

پولیس کمشنر سی وی آنند کی نگرانی میں کیے گئے سیکیورٹی انتظامات مثالی رہے۔ خواتین عہدیداروں کی تعیناتی، ٹریفک کنٹرول، اور پرامن انتظامات نے اس عالمی تقریب کو بے مثال کامیابی میں بدل دیا۔

 

یہ صرف ایک تقریب نہیں تھی بلکہ ایک تاریخی لمحہ تھا  جب دکن کی روح نے دنیا کے دل کو چھو لیا۔

 

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button