ظہر کی نماز کے لئے گھر سے روانہ ہونے والے نوجوان کی نعش کنویں سے برآمد – تلنگانہ کے ظہیرآباد میں نوجوان کا قتل

تلنگانہ کے ظہیرآباد ٹاؤن میں واقع فیض نگر کے رہائشی ایک نوجوان کا بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ مہلوک کی شناخت 25 سالہ محمد تاج الدین کے طور پر ہوئی ہے۔ ان کی نعش رحمت نگر علاقے میں ایک سنسان کنویں سے برآمد ہوئی۔
بتایا جاتا ہے کہ تاج الدین ہفتہ کے دن دوپہر کے وقت ظہر کی نماز کے لیے گھر سے روانہ ہوئے تھے مگر رات تک واپس نہیں آئے۔ ان کی موٹر سائیکل جامع مسجد کے قریب سے برآمد کی گئی۔ اتوار کے دن پولیس کو رحمت نگر میں ایک پُرانے کنویں میں نعش پائے جانے کی اطلاع ملی، جس پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش کو باہر نکال کر پنچنامہ کے بعد سرکاری ہاسپٹل کے مردہ خانہ منتقل کر دیا۔
پولیس کے مطابق مہلوک کے جسم پر گہرے زخموں کے نشانات پائے گئے، جس سے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انھیں بے رحمی سے قتل کر کے نعش کو کنویں میں پھینک دیا گیا۔ فی الحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ قتل کس نے اور کس مقصد سے کیا۔
پولیس نے تاج الدین کے گھر والوں کی شکایت پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ مہلوک ایک پرائیویٹ کمپنی میں ملازمت کرتے تھے اور تین ماہ قبل ہی ان کی شادی ہوئی تھی پوسٹ مارٹم کے بعد نعش کو ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔