تلنگانہ

تلنگانہ کے ویلپور میں حالات قابو میں۔پولیس نے کیا دفعہ 144کا نفاذ۔پولیس کی بھاری جمعیت تعینات

ریاستی وقف بورڈ آفیشل ٹیم کا دورہ نظام آباد۔ویلپور مسلم قبرستان و عیدگاہ کی صورتحال کا لیاجائزہ

نظام آباد:14/ڈسمبر (اردو لیکس ) نظام آباد ضلع کے ویلپور منڈل مستقر درج اوقاف مسلم قبرستان و عیدگاہ کے درمیان سے راستہ بنانے کے مسئلہ کو سنگین بناتے ہوئے مقامی خود ساختہ ولیج ڈیولپمنٹ کمیٹی ویلپور نے مسلمانوں کو ہراساں کرنے اور ناجائز قبضہ کرتے ہوئے اپنے تسلط کو قائم کرنے کی مذموم کوششوں پر حالات سنگین رخ اختیار کرگئے

 

جس کے پیش نظر نظام آباد میں پولیس کمشنر کلمیشور نے ویلپور منڈل مستقر پر کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آنے اور امن وامان کی برقراری کے ساتھ ساتھ مسلم قبرستان و عیدگاہ کے تحفظ کیلئے بھاری پولیس جمعیت کو تعینات کرتے ہوئے امتناعی احکامات 144نافذ کردیا۔ اور ولیج ڈیولپمنٹ کمیٹی کی کسی بھی شر انگیزی کو ناکام بناتے ہوئے ماحول کو قابو میں کیا۔بتایا جاتا ہے کہ ویلپور ولیج ڈیولپمنٹ کمیٹی نے وقتی طورپر خاموشی اختیار تو کی لیکن مقامی مسلمانوں کیخلاف سماجی مقاطعہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کسی بھی کاروباری لین دین و تعلقات قائم نہ کرنے کا اعلان کیا۔

 

اور مسلمانوں کو روزگار سے محروم کرنے انہیں مزدوری کے کام پر نہ لینے، آٹو ز میں سفر نہ کرنے، ان کی دکانات سے کوئی خرید اری نہ کرنے، یہاں تک کہ مسلمانوں کے منرل واٹرفلٹر سے پانی نہ خریدنے تک کا اعلان کردیا گیا۔ ویلپور مسلم قبرستان و عیدگاہ جو درج اوقاف کے علاوہ سرکاری ریونیو ریکارڈ میں بھی 4ایکڑ سے زائد رقبہ پر محیط ہے وقف جائیداد کے تحفظ کیلئے ریاستی وقف بورڈ کی ایک خصوصی ٹیم جس میں او ایس ڈی آصف خان، سینئر سروئیر شجاعت علی خان، نظام آباد وقف بورڈ انسپکٹر محمد صدام حسین نظام آباد پہنچے اور آرمور اے سی پی مسٹر جگدیش چندرا سے ربط پیدا کیا اور تمام جانکاری حاصل کرتے ہوئے وقف جائیداد سے متعلق واقف کروایا۔

 

ان حالات کو مقامی ویلپور انجمن کمیٹی کے ذمہ داران نے آج ریاستی وقف بورڈ دفتر حیدرآباد پہنچ کر چیف ایگزیکٹیو آفیسر سے ملاقات کرتے ہوئے تمام موجودہ حالات کے علم میں لانے کے لئے روانہ ہوئے۔ ریاستی وقف بورڈ آفیشل ٹیم نظام آباد پہنچنے پر موجودہ ویلپور کی صورتحال کے پیش نظر نظام آباد کے پولیس عہدیداروں نے اس ٹیم کو ویلپور نہ جانے اور چند دن کے بعد حالات معمول پر آنے کے بعد مناسب کاروائی و اقدامات کئے جاسکتے ہیں مشورہ دیا۔ ریاستی وقف بورڈ آفیشل ٹیم نے بتایاکہ ویلپور مسلم قبرستان و عیدگاہ کے مسئلہ کو لوک آیوکت میں پیش کی گئی

 

اے ڈی سروئیر اور وقف بورڈ سروئیر کے مشترکہ جوائنٹ سروے کے مطابق پیش کی گئی رپورٹ کے تحت ہی مسلم قبرستان و عیدگاہ ویلپور کے کمپاؤنڈ وال کی تعمیر کی جائے گی اس سلسلہ میں ریاستی وقف بورڈ حیدرآباد درکار فنڈ منظور کرتے ہوئے باقاعدہ سرکاری طورپر مسلم قبرستان و عیدگاہ کے تحفظ کیلئے کمپاونڈ وال تعمیر کیاجائے گا۔ سابقہ ڈپٹی میئر بلدیہ نظام آباد ایم اے فہیم جو ویلپور مسلم قبرستان و عیدگاہ کے تحفظ اور مسلمانوں کے درپیش مسائل و صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور مقامی انجمن کمیٹی و مسلمانوں کے ذمہ داران سے رابطہ قائم کرتے ہوئے موجودہ صورتحال سے واقفیت حاصل کررہے ہیں۔ سابقہ ڈپٹی میئر ایم اے فہیم نے ولیج ڈیولپمنٹ کمیٹی کے مسلمانوں کے خلاف سنگین صورتحال پید ا کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مقامی ولیج ڈیولپمنٹ کمیٹی کے مسلمانوں کے خلاف سماجی مقاطعہ (سوشل بائیکاٹ) آج کے اس دور میں کسی بھی طرح قابل قبول نہیں ہے۔ نظام آباد ضلع انتظامیہ اور پولیس کمشنر ویلپور ولیج ڈیولپمنٹ کمیٹی کے انسانیت سوز اور آمرانہ طرز عمل کیخلاف قانونی کاروائی کرتے ہوئے مسلمانوں میں اعتماد بحال کرنے کی ضرورت ہے۔

 

سابقہ ڈپٹی میئر بلدیہ نظام آباد ایم اے فہیم نے سابقہ ریاستی وزیر موجودہ ایم ایل اے پرشانت ریڈی کی مجرمانہ خاموشی پر بھی شدید تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ویلپور منڈل مستقر پر سکونت اختیار کرتے ہوئے 10سال تک ریاستی وزیر کے عہدہ پر فائز رہ کر بھی اس مسئلہ کے حل کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں کئے اور صرف تماشائی بنے رہے جبکہ وہ بحیثیت ایم ایل اے پرشانت ریڈی کو اپنے فرائض کی ذمہ داری بخوبی انجام دینی چاہئے تھی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button