این آر آئی

سعودی عرب کے کئی علاقوں میں جمعہ تک بارش کے حوالے سے الرٹ، احتیاط کی اپیل 

ریاض ۔ کے این واصف

مملکت کے سنٹرل ریجن میں گرمی بدسطور جاری ہے۔ اس علاقے میں بارش کی پیش قیاسی بھی نہیں ہے لیکن سعودی محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب کے بیشترعلاقوں میں مسلسل بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں‘۔

 

خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شہری دفاع نے بیان میں کہا کہ ’سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی وادیوں، سیلابی مراکز سے دور رہیں خود کو محفوظ رکھیں۔ بارش یا سیلاب سے جمع ہونے والے پانی میں نہ جائیں‘۔ بیان میں کہا گیا کہ ’ موسمیات کے قومی مرکز نے پیر سے جمعے تک مملکت کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے‘۔

 

مکہ مکرمہ ریجن میں درمیانے درجے سے موسلا دھار تک بارش اور ژالہ باری کے امکانات ہیں۔ سیلاب کا بھی خدشہ ہے۔طائف، میسان، اضم اور العرضیات میں گرد آلود تیز ہواؤں کا سلسلہ جمعے تک جاری رہے گا۔ عسیر، جازان اور باحہ ریجن بھی گرد آلود ہواؤں کے علاوہ موسلا دھار بارش کی زد میں ہوں گے۔

 

مکہ مکرمہ شہر، الجموم، الکامل کے علاوہ مدینہ منورہ، شمالی حدود، الجوف، تبوک اور حائل ریجنوں میں گرد آلود تیز ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی سے درمیانے درجے تک کی بارش متوقع ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button