تلنگانہ

تلنگانہ میں کانگریس کی سونامی میں بی آرایس حکومت بہہ گئی

تلنگانہ کے اسمبلی انتخابات کے نتائج میں کانگریس کی سونامی دیکھی گئی جس میں ریاست کی حکمران جماعت بی آرایس بہہ گئی۔ گذشتہ دس سال سے برسراقتدار بی آرایس کو کانگریس نے اقتدارسے بے دخل کرتے ہوئے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرلی ہے۔بی آرایس کو ان نتائج میں شدید دھکہ پہنچا ہے۔ ریاست کے 119حلقوں میں ہوئے انتخابات میں کانگریس سب سے بڑی جماعت بن کرابھری ہے جس نے اقتدار کیلئے درکار جادوئی ہندسہ 60عبورکرتے ہوئے 64نشستوں پر بہ آسانی شاندارکامیابی حاصل کی ہے۔پارٹی کی اس سونامی میں ریاست کے بعض وزرا بھی ٹک نہیں پائے جن کو شکست ہوئی۔کانگریس جس نے تلنگانہ کو ریاست کا درجہ دیئے جانے کے بعد سے اب تک اقتدارحاصل نہیں کیا تھا، بی آرایس کی تمام محاذوں پر ناکامی کو عوام کے سامنے اجاگر کرتے ہوئے خط اعتمادحاصل کیا۔اس طرح 2014میں متحدہ آندھراپردیش کی تقسیم کے ذریعہ بنائی گئی ایک اورتلگوریاست تلنگانہ میں پہلی مرتبہ کانگریس کو اقتدارنصیب ہوا ہے۔ان حیران کن نتائج میں کانگریس نے حکمران جماعت بی آرایس کو اس حد تک محدود کردیا کہ وہ کسی بھی جماعت کے ساتھ مل کر بھی حکومت بنانے کیلئے درکارجادوئی عدد تک نہیں پہنچ سکتی۔ انتخابات کے بعد تقریبا اگزٹ پولس نے کانگریس کو اقتدار حاصل ہوتا ہوا دکھایاتھا۔ ریاست کی حکمران جماعت بی آرایس ان نتائج میں صرف 39نشستوں تک ہی محدود ہوگئی۔مجلس اتحاد المسلمین کو ان نتائج میں 7نشستوں پر کامیابی ملی۔بی جے پی کو 8 اور سی پی آئی کو ایک نشست پر کامیابی حاصل ہوئی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button