انٹر نیشنل

رمضان میں عمرہ کے لیے پرمٹ حاصل کیا جائے – وزارت حج و عمرہ کی ہدایت

ریاض ۔ کے این واصف

ماہ رمضان مین عمرہ عازمین کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہوجاتا ہے‌جس میں بیرون مملکت سے آنے والے اور مقامی عازمینِ دونوں شامل ہوتے ہیں۔ عازمین کی سہولت کے لئے وزارت حج وعمرہ بے کہا ہے کہ رمضان میں عمرہ کی ادائیگی کے لیے پیشگی پرمٹ حاصل کیا جائے تاکہ آرام سے مناسک ادا کیے جاسکیں۔

 

وزارت حج وعمرہ کی جانب سے رمضان المبارک کے دوران عمرہ کی ادائیگی کو آسان بنانے کےلیے پرمٹ کا سلسلہ بحال رکھا ہے۔وزارت کا کہنا ہے کہ مملکت کے مختلف شہروں سے آنے والے عمرہ زائرین کو چاہئے کہ جب پرمٹ کے لیے “نسک” پورٹل پربکنگ کریں تو اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ ایسے اوقات کا انتخاب کیا جائے جب مسجد الحرام میں اژدھام نہ ہو۔

 

پیشگی عمرہ پرمٹ کے حصول کا مقصد عمرہ زائرین کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ نسک پورٹل پر مختلف اوقات کی وضاحت کی جاتی ہے جس سے یہ معلوم کیا جاسکتا ہے کہ کب مسجد الحرام میں اژدھام ہے اور کب نہیں ۔زائرین کو چاہئے کہ پرمٹ کے اجرا کے دوران ایسے وقت کا انتخاب کریں جب ازدحام زیادہ نہ ہو۔ پرمٹ حاصل کرنے کے بعد مقررہ وقت کی پابندی کریں۔

 

وزارت حج و عمرہ نے اس جانب بھی توجہ دلائی کہ جب مسجد الحرام پہنچیں تو اس بات کی یقین دہانی کرلیں کہ پرمٹ ایکسپائر نہ ہوا ہو۔واضح رہے ماہ رمضان المبارک میں دنیا بھر سے بڑی تعداد میں عمرہ زائرین مکہ مکرمہ آتے ہیں جبکہ مملکت کے مختلف شہروں میں مقیم غیرملکی اور سعودی شہری بھی رمضان المبارک میں عمرہ ادا کرتے ہیں۔

 

وزارت حج و عمرہ کی جانب سے عمرہ پرمٹ کے سلسلہ کا آغاز کورونا وبا کے دروان کیا گیا تھا جس کے بعد سے یہ سلسلہ جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button