انٹر نیشنل

نئے ہجری سال کے آغاز پر غلاف کعبہ تبدیل کردیا گیا: ویڈیو دیکھیں

ریاض ۔ کے این واصف

غلاف کعبہ کی تاریخ کی تبدیلی (۹ ذوالحجہ سے یکم محرم) کے بعد غلاف کعبہ کی تبدیلی کا عمل مکمل۔ مسلم دنیا جب نئے ہجری سال کا خیرمقدم کر رہی ہے۔ مسجد الحرام میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب غلاف کعبہ کو تبدیل کیا گیا ہے۔  حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس کی زیر نگرانی کنگ عبدالعزیز کسوہ کمپلیکس کے ماہرین کی ایک ٹیم نے یہ کام مکمل کیا۔عرب نیوز کے مطابق غلاف کعبہ کو باندھنے والے سنہری کڑوں کو ہٹانے، پرائے غلاف کی جگہ نئے غلاف کی تبدیلی کے عمل میں تین سے چار گھنٹے لگتے ہیں۔

 

 

 

نئے غلاف کعبہ کی تیاری پر تقریبا 25 ملین ریال لاگت آئی ہے۔ اس میں 850 کلو گرام خام ریشم استعمال ہوا ہے۔سو سے زیادہ ہنر مند کاریگروں نے غلاف کے 55 ٹکڑوں کی تیاری پر کام کیا اور ہر ٹکڑے کی کڑھائی میں 60 سے 120 دن لگے۔ غلاف کعبہ کی تیاری کے لیے 120 کلو گرام سونے اور 100 کلو گرام چاندی کا دھاگہ استعمال کیا گیا۔غلاف کعبہ کی تیاری میں استعمال ہونے والے مواد کے معیار کی جانچنے کےلیے لیبارٹری موجود ہے۔

 

 

 

اس سے قبل کنگ عبدالعزیز کسوہ کمپلیکس سے غلاف کعبہ کو مخصوص ٹرکوں اورگاڑیوں سے مخصوص راستے سے جلوس کی شکل میں مسجد الحرام تک لایا گیا۔ غلاف کعبہ کومسجد الحرام کے بیرونی دروازے سے مطاف تک پہنچانے کے لیے مخصوص راستے کا تعین کیا گیا تھا۔ ادارہ امورحرمین شریفین کی جانب سے غلاف کعبہ کی تبدیلی کے لیے 15 افراد کو فنی تربیت فراہم کی گئی جن میں غلاف تیار کرنے والی فیکٹری کے انجینئرز اور فنی شعبے کے ماہرین شامل ہیں۔

 

 

 

واضح رہے کہ غلاف کعبہ تبدیلی کے تمام عمل کے دوران ہر ایک حصے کو علیحدہ علیحدہ کعبہ کے بالائی حصے پر لایا جاتا ہے جہاں سے پھر انہیں اتارا جاتا ہے اور پچھلا غلاف اتار لیا جاتا ہے۔ یہ عمل چار مرتبہ باری باری دہرایا جاتا ہے جب تک کہ نیا غلاف چڑھا نہ دیا جائے اور پرانا اتر نہ جائے۔عرب نیوز کے مطابق اس سے قبل کئی دہائیوں سے غلاف کعبہ (کِسوۃ) ہر سال حج کے دوران 9 ذوالحج کی صبح کو حجاج کے میدان عرفات روانہ ہونے کے بعد تبدیل کیا جاتا تھا۔

 

 

 

گزشتہ سال اعلان کیا تھا کہ غلاف کعبہ تبدیل کرنے کی سالانہ تقریب اب ہر سال یکم محرم کو منعقد ہوگی۔علاوہ ازیں حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے غلاف کعبہ کی تبدیلی کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ ’غلاف کعبہ کے حوالے سے کنگ عبدالعزیز کمپلکس اکیڈمی قائم کرنے کا اسٹرٹیجک منصوبہ بنایا گیا ہے‘۔انہوں نے کہا کہ ’اکیڈمی میں سعودی نوجوانوں کو خصوصی کورس اور تربیت دی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button