تلنگانہ

تلنگانہ، کرناٹک اور راجستھان کے اسمبلی انتخابات میں بھی مجلس حصہ لے گی _ مجلس کے 65 ویں یوم تاسیس تقریب سے بیرسٹر اویسی کا خطاب

حیدرآباد _ 4 مارچ ( اردولیکس) صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمان حیدراآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی نے کہا کہ مجلس تلنگانہ ، کرناٹک اور راجستھان کے  اسمبلی انتخابات میں حصہ لے گی۔مجلس کے دفتر دارالسلام میں پارٹی کی 65 ویں یوم تاسیس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر اویسی نے کہا کہ مجلس تلنگانہ میں نہ صرف اپنی طاقت کو برقرار رکھے گی بلکہ اس میں مزید اضافہ کرے گی۔ تلنگانہ میں بی جے پی کو شکست دے گی کیوں کہ بی جے پی نفرت کا پیام لے کر آگے بڑھ رہی ہے۔ عوام انہیں مسترد کردیں گے۔

 

مجلس راجستھان اور کرناٹک کے اسمبلی انتخابات میں بھی حصہ لے گی ۔ اس سلسلہ میں پارٹی کی جانب سے اعلان کیا جائے گا۔ مجلس یہ چاہتی ہے کہ تلنگانہ میں نفرت کا خاتمہ ہو۔ امن کی جیت ہو۔ ریاست کی ترقی ہو۔ عوام کو یہ سوچنا چاہئے کہ وہ دستور کو پسند کرتے ہیں یا بلڈوزر چاہتے ہیں۔ محبت کو یا ظلم کو پسند کرتے ہیں اس کا فیصلہ کریں۔

 

ہمارے عوامی نمائندے ہر سطح پر اور ہر علاقہ میں ہوں گے تو اس سے ہمارے مسائل حل ہوں گے۔ جہاں ہماری آواز نہیں ہے وہاں ہمارا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ موجودہ حالات میں بھارت میں مسلمانوں اور دلتوں پر کہیں مظالم ہوتے ہیں تو اس کی اطلاع مجلس کو دی جاتی ہے۔ ان حالات میں ہم مجلس کو مزید مضبوط کریں گے۔ بہار ، جھارکھنڈ اور دیگر ریاستوں میں بھی مجلس کو کامیاب کریں گے۔ بیرسٹر اویسی نے کہا کہ بعض لوگ یہ کہتے ہیں کہ مجلس جذبات سے کام لیتی ہے اور جذبات سے 65 سالہ طویل سفر طے کیا گیا۔ تب ہی تعلیمی ادارے اور دواخانے قائم ہوئے۔ ہمارے بزرگوں نے جذبات، ایثار اور مثبت فکر کے ساتھ سیاسی سفر کو شروع کیا تھا۔ سب کچھ قربانیاں دے کر مرکز سیاسی کو طاقتور بنایا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button