تلنگانہ

چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی۔ 

چیف منسٹر چندرشیکھرراو نے مسلمانوں کے حق میں نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ مسلمان عیدالفطر کا اہتمام اپنے عزیز و اقارب کے ہمراہ نظم و ضبط، بھائی چارہ، عقیدت اور روحانیت کے جذبے کے ساتھ کریں گے جو مقدس ماہ رمضان میں روزوں سے انکے اندر پروان چڑھتا ہے۔

 

چیف منسٹر نے اس موقع پر ریاست تلنگانہ کے حق میں نیک خواہشات کا اظہار کیا اور خدا سے دعا کی کہ ریاست میں خوشحالی برقرار رہے اور ریاست کی عوام آپسی بھائی چارہ اور ہم آہنگی کے ساتھ زندگی بسر کریں۔

 

چیف منسٹر کے سی آر نے اس موقع پر اس بات کا اعادہ کیا کہ تلنگانہ کی سرزمین گنگا – جمنی تہذیب و ثقافت کی علامت ہے اور ریاستی حکومت سیکولرازم اور مذہبی ہم آہنگی کے تحفظ کے لیے ہمیشہ سنجیدہ رہے گی۔

چیف منسٹر نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت تعلیم اور روزگار کے ساتھ ساتھ دیگر کئی محازوں پر مسلمانوں کی مدد کرتی آرہی ہے اور یہ کہ مسلمانوں کی زندگیوں میں معیاری تبدیلی لانے کی غرض سے ریاستی حکومت متعدد اسکیمات بھی نافذ کرتی آرہی ہے جنکے اچھے نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

چیف منسٹر نے اس موقع پر گزشتہ 9 سالوں کے دوران ریاستی حکومت کی جانب سے مسلمانوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے تقریباً 13,000 کروڑ روپئے مختص کرنے اور خرچ کیے جانے کا بھی تذکرہ کیا جو کہ پورے ملک کے لیے مثالی ہے۔ وزیراعلی نے مسلمانوں کی ترقی کے لیے حکومت کی جانب سے کی جارہی کوششوں کو جاری رکھنے کا بھی تیقن دیا۔

چیف منسٹر نے واضح کیا کہ اس بات کی حتی المقدور کوشش کی جائے گی کہ ریاست میں تاحال نافذ العمل ‘مسلم اقلیتوں کی ترقی کا ماڈل’ ملک بھر میں بھی نافذ کیا جائے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button