تلنگانہ

تبلیغی جماعت کے سہ روزہ اجتماع کے لئے فنڈز جاری کرنے کا معاملہ _ تلنگانہ ہائی کورٹ کی حکومت کو نوٹس

حیدرآباد _ 3 جنوری ( اردولیکس) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی کہ وہ 6، 7 اور 8 جنوری کو وقار آباد ضلع کے پرگی منڈل میں منعقد ہونے والے تبلیغی جماعت کے سہ روزہ اجتماع کے لیے 2.45 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کرنے کی وضاحت کرے۔ عدالت نے جواب داخل کرنے کے لئے نوٹس  جاری کرتے ہوئے سماعت  23 جنوری تک ملتوی کر دی ۔

 

تلنگانہ حکومت نے  تبلیغی جماعت کے اجتماع کے انتظامات کے لئے 2.45 کروڑ روپے جاری  کیے ۔  اس کو چیلنج کرتے ہوئے افسرپاشا نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں جی او  کو برخاست کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تبلیغی جماعت نے جنوری 2020 میں نرمل  میں اسی طرح کا ایک اسلامی اجتماع منعقد کیا جس کے نتیجے میں نرمل ضلع کے بھینسہ میں فرقہ وارانہ تشدد اور امن و امان کے مسائل پیدا ہوئے۔ 2009 میں روس کی سپریم کورٹ نے تبلیغی جماعت کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا اور سعودی عرب، ازبکستان، تاجکستان اور قازقستان سمیت کئی دیگر ممالک نے بھی اس تنظیم پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

 

جج جسٹس ناگیش بھیمپاکا نے منگل کو اس درخواست پر سماعت کی۔ جج نے دلائل سننے کے بعد محکمہ اقلیتی بہبود کے سکریٹری، وقارآباد ڈسٹرکٹ کلکٹر، ریاستی وقف بورڈ کے سی ای او اور تبلیغی جماعت تنظیم کو جوابی حلف نامہ داخل کرنے کے لیے نوٹس جاری کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button