تلنگانہ

تلنگانہ: تعطیل کے اعلان میں تاخیر پر بچوں اور والدین کو پریشانی۔ کئی طلباء اسکولس پہنچ چکے تھے۔ ٹویٹر پر صارفین کی شدید برہمی

حیدرآباد: زبردست بارش کی وجہ سے ریاست تلنگانہ میں اچانک اسکولس کو دو دنوں تک تعطیل کا اعلان کر دیا گیا۔ شدید بارش اور موسم سرد ہونے کی وجہ سے جہاں اولیائے طلبہ نے حکومت کے اس اعلان کا خیر مقدم کیا ہے وہیں کئی افراد نے شدید برہمی کا بھی اظہار کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اسکولس کو تعطیلات کا اچانک اعلان کیا گیا جبکہ بیشتر والدین اپنے بچوں کو اسکول بھجوا چکے تھے۔

 

 

 

تعطیل کے اعلان کے بعد بعض اسکولس کے انتظامیہ نے اولیائے طلباء سے فون پر رابطہ قائم کرتے ہوئے انہیں اسکول آ کر بچوں کو گھر لے جانے کی ہدایت دی ایسے میں جو والدین گھروں میں تھے وہ اسکول پہنچے اور اپنے بچوں کو لے آئے لیکن ملازمت پیشہ ماں باپ کے لیے یہ سنگین مسئلہ ثابت ہوا، بعض اسکولس نے تعطیل کے اعلان میں تاخیر پر اسکول پہنچنے والے طلبہ کے لیے کلاسس کا انتظام کیا، اولیائے طلبہ کا کہنا ہے کہ پہلے ہی محکمہ موسمیات نے شدید بارش کی پیش قیاسی کی تھی تو پھر یہی اعلان اگر چہارشنبہ کی رات کر دیا جاتا تو انہیں تکلیف نہیں ہوتی، ایسے میں جو بچے بارش کی وجہ سے اسکول کو نہیں گئے تھے وہ اپنے گھروں میں ہی محفوظ رہے لیکن جو بچے اسکول کے لیے روانہ ہوئے انہیں اور ان کے گھر والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

 

 

 

سوشل میڈیا کے مختلف پلاٹ فارمز پر لوگ تعطیلات پر نہیں بلکہ اس کے اعلان میں تاخیر پر ناراضگی کا اظہار کررہے ہیں۔ بعض صارفین نے لکھا کہ بچے صبح 7  بجے سے 8 بجے کے درمیان اسکول پہنچ جاتے ہیں اور تعطیل کا اعلان بچوں کے اسکولس پہنچنے کے بعد کیا گیا۔واضح رہے کہ ریاستی وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے آج صبح 8 بج کر 18 منٹ پر ٹویٹر کے ذریعہ تعطیل کا اعلان کیا تب تک کئی بچے اسکول پہنچ چکے تھے۔ وزیر کے ٹویٹ کے بعد قریب ساڑھے 8 بجے بعض نیوز پورٹلس نے اس خبر کو اپ لوڈ کیا۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button