تلنگانہ

حیدرآباد سے مجلس مابقی 16 حلقوں سے کانگریس کو کامیاب کریں۔ یونائٹیڈ مسلم فورم کا اجلاس 

تلنگانہ اور ملک بھر میں فرقہ پرستوں کو شکست دی جائے 

حیدرآباد 7 مئی (پریس نوٹ) یونائٹیڈ مسلم فورم کا ایک اہم اجلاس فورم کے صدر مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم کی صدارت میں خانقاہ حضرت شاہ خاموش ؒ نامپلی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک میں جاری انتخابات کے سلسلہ میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

فرقہ پرستوں کو روکنے کے لئے حکمت عملی اختیار کرنے پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری، مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی، مولانا سید شاہ حسن ابراہیم حسینی قادری سجاد پاشاہ، مولانا میر قطب الدین علی چشتی، جناب ضیا الدین نیر، جناب سید منیر الدین احمد مختار ( جنرل سکریٹری)، مولانا سید شاہ ظہیر الدین علی صوفی قادری، مولانا محمد شفیق عالم خان جامعی، مولانا سید مسعود حسین مجتہدی، مولانا مفتی محمد عظیم الدین انصاری، مولانا سید احمد الحسینی سعید قادری، مولانا سید تقی رضا عابدی، مولانا ابوطالب اخباری، مولانا سید شاہ فضل اللہ قادری الموسوی، مولانا میر فراست علی شطاری، مولانا سید شیخن احمد قادری شطاری کامل پاشاہ، جناب ایم اے ماجد، مولانا خواجہ شجاع الدین افتخاری حقانی پاشاہ، مولانا ظفر احمد جمیل حسامی، مولانا عبدالغفار خان سلامی، جناب بادشاہ محی الدین، جناب محمد شفیع الدین ایڈوکیٹ، ڈاکٹر نظام الدین و دیگر ذمہ داران نے شرکت کی

 

۔ اجلاس میں تفصیلی مشاورت کے بعد متفقہ طور پر طے پایا کہ حیدرآباد پارلیمانی حلقہ سے بیرسٹر اسدالدین اویسی صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کو کامیاب کیا جائے۔ ریاست تلنگانہ کے مابقی حلقوں میں فرقہ پرستوں کو روکنے کے لئے کانگریس کو کامیاب کیا جائے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ بی جے پی کی کامیابی کو روکنے ضروری ہے کہ ریاست اور ملک میں انہیں روکنے کی صلاحیت رکھنے والوں کو ووٹ دیا جائے۔ مستقبل میں فسطائی طاقتوں کے ناپاک عزائم کو روکنا ضروری ہے۔ تلنگانہ میں جو حلقوں پر بی جے پی کے امکانات ہیں وہاں خاص طور پر انہیں روکنے کی حکمت عملی اختیار کی جائے۔

 

فورم کے اجلاس میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے لئے شعور بیداری پر زور دیا گیا۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ 13 مئی کو رائے دہی کے دن چھٹیاں نہ منائیں، کہیں 3 دن کی تفریح 5 سال کے لئے وبال جان نہ ہوجائے، ووٹ ایک امانت بھی ہے اور شرعی حکم بھی ہے، ہر شہری اس حق سے استفادہ کرے۔ مساجد کے آئمہ و خطباء سے خواہش کی گئی کہ وہ جمعہ سے قبل ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کریں۔ ملک کے موجودہ پرآشوب حالات کے باوجود بھی اگر ہم نہیں جاگیں گے تو پھر آخر کب جاگیں گے۔ اس لئے ہر شہری ووٹ ڈالنے کا اہتمام کرے اور ووٹر سلپ کو بھی محفوظ رکھے‌۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button