منی کمار نامی شخص 138 بچوں کا باپ؟
نئی دہلی: ریاست بہار میں ایک شخص کو 138 بچوں کا باپ قرار دے دیا گیا، اور یہ حیرانی کی بات نہیں تھی کہ جب ووٹر لسٹ میں اس نام کی نشاندہی ہوئی تو لوگوں کی آنکھیں پھٹی کی پھٹی رہ گئیں۔ اب اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ بہار کے شہر مظفرپور میں ایک حیران کن معاملہ سامنے آیا ہے جس میں ایک شخص کو 138 بچوں کا والد قرار دے دیا گیا۔
یہ واقعہ تیرہوت سناتک ضمنی انتخاب کی ووٹر لسٹ میں سامنے آیا۔ اس لسٹ میں نہ صرف ہندو بلکہ مسلم کمیونٹی کے افراد کے والد کا نام بھی "مُنّی کمار” درج تھا جو ایک سنگین غلطی کی نشاندہی کرتا ہے۔ یہ معاملہ اورائی بلاک کے بوتھ نمبر 54 سے جڑا ہوا ہے، جہاں 724 ووٹرز کی فہرست موجود ہے۔
حال ہی میں تیرہوت سناتک ضمنی انتخاب کی ووٹر لسٹ جاری کی گئی تھی جس میں مُنّی کمار کے 138 بیٹے درج تھے۔ اس لسٹ کے مطابق 724 ووٹرز کی فہرست تیار کی گئی تھی، جن میں سے تقریباً 19 فیصد کے والد کا نام "مُنّی کمار” درج تھا۔ اس فہرست کے منظر عام پر آنے کے بعد نہ صرف ووٹرز بلکہ امیدوار اور سرکاری افسران بھی بے حد پریشان ہو گئے۔
معلومات کے مطابق یہ تمام معاملہ ایک تکنیکی خرابی کی وجہ سے سامنے آیا۔ دراصل، جن ووٹروں کے والد کے نام کا پہلا حرف "م” تھا، ان کے ناموں کو یونیکوڈ فونٹ کی خرابی کے باعث "مُنّی کمار” کے طور پر درج کر دیا گیا۔ تیرہوت پرمندل کے کمشنر، سروینن ایم نے تصدیق کی ہے کہ یہ محض ایک کمپیوٹر کی غلطی ہے اور اسے فوری طور پر درست کر لیا جائے گا۔ کمشنر نے مزید کہا کہ تمام ووٹرز کو اطمینان دلایا گیا ہے کہ انہیں اپنے حقِ رائے دہی سے محروم نہیں کیا جائے گا اور کوئی بھی جائز ووٹر ووٹ ڈالنے سے نہیں روکا جائے گا۔
اس غلظت کی وجہ سے، ضلع کے تمام انتظامی ادارے اس معاملے کی تفصیل سے تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ اس قسم کی غلطیوں کو روکا جا سکے۔ افسران کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اس نوعیت کی غلطیاں روکنے کے لیے سسٹم میں اصلاحات کی جائیں گی۔