جنرل نیوز

بالکنڈہ میں عرس شریف حضرت سید شاہ ابو الفتح بندگی بادشاہ قادریؒ اور جلسہ کا انعقاد

نیکوں اور سچے لوگوں کی صحبت اختیار کرنے کی تلقین

بالکنڈہ 4مئی (پریس نوٹ) نبیرۂ حضرت غوث اعظم ونبسہ حضرت خواجہ بندہ نوازحضرت سید شاہ ابوالفتح بندگی بادشاہ قادری و بندہ نوازی قدس سرہ العزیزکا عرس شریف بالکنڈہ، نظام آباد میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ جس میں بلا لحاظ مذہب و ملت سینکڑوں کی تعداد میں زائرین نے شرکت کی۔ مولانا ابو الفتح سید بندگی بادشاہ قادری المعروف ریاض پاشاہ سجادہ نشین و متولی درگاہ شریف(منتخبہ رکن ریاست تلنگانہ وقف بورڈ)نے مراسم عرس انجام دئے اور محافل عرس کی نگرانی کی۔

 

مولانا سید محمد علی قادری الھاشمی ممشاد پاشاہ نبیرہ حضرت سیدنا زرد علی شاہ مہاجر مکیؒ نے اس موقع پر جلسہ فیضان اولیاء سے خطاب کیا اور کہا کہ نیک لوگوں کی صحبت زندگی کو راہ راست پر رکھتی ہے۔ قرآن‌مجید نے بھی سچے لوگوں کی صحبت اختیار کرنے کا حکم دیا ہے۔ بزرگان دین نے اپنی ساری زندگیاں توحید و رسالت کی تعلیمات کی ترویج و اشاعت میں گذاردیں، ان کی صحبت بافیض میں رہنے والے لوگ اگر برے بھی ہوتے تو نہ صرف خود راہ راست پر آجاتے بلکہ خلق کو بھی سیدھی راہ دکھاتے رہے۔ ان ہی بزرگوں میں حضرت سید ابوالفتح بندگی بادشاہ قادریؒ ہیں جنہوں نے تادم زیست خلق خدا کی خدمت کی اور اس دنیا سے گذرنے کے باوجود فیض پہنچارہے ہیں۔

قبل ازیں جلوس صندل حضرت سید علی الدین کانسپٹ اسکول بالکنڈہ سے برآمد ہوا،جلوس صندل میں حیدرآباد کے مشائخ عظام و علماء کرام کے علاوہ بالکنڈہ کے مسلمان و غیر مسلم افراد بھی بصد احترام شریک تھے۔ بارگاہ رسالت مآب میں ہدیہ صلوٰۃ وسلام پیش کیا گیا اور مولانا سید ابوالفتح بندگی بادشاہ قادری ریاض پاشاہ سجادہ نشین و متولی نے امن عالم بالخصوص ہندوستان کی فلاح و بہبود کے لئے خصوصی دعا کی، انہوں نے امن پسند حکومت و سماج کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنے والی حکومت کی برقراری کے لئے بھی دعا کی۔ بعد ازاں قصیدۂ بردہ شریف،ختم قرآن حکیم، نعت خوانی و رفاعیہ کلام کی محافل منعقد ہوئیں۔ عرس شریف کے موقع پرحسب روایت میڈیکل و ڈینٹل کیمپ منعقد ہوا۔ سینکڑوں کی تعداد میں زائرین و اہلیان بالکنڈہ نے استفادہ کیا۔سجادہ نشین و متولی کی دختران ڈاکٹر سیدہ فاطمہ خضراء، ڈاکٹر سیدہ فاطمہ اقراء کے علاوہ ڈاکٹر محمد بن محفوظ اور ڈاکٹر شاہد علی ڈپٹی ڈائرکٹر ڈپارٹمنٹ آف ایوش منسٹری آف ہلت اینڈ فیملی ویلفیر نے تشخیص کی اور بالکنڈہ میڈیکل آفیسر و آنگن واڑی ورکرس نے بھی میڈیکل کیمپ میں خدمات انجام دئیے، دوائیں مفت تقسیم کی گئیں ساتھ ہی ڈینٹل ہائی جین کٹ کی تقسیم عمل میں آئی۔

 

مشائخ عظام و علماء کرام و معززین میں قابل ذکرحضرت پیر سید شاہ بشیرالحسنی (بغداد شریف)، مولانا سید خواجہ غیاث الدین چشتی اجمیری جانشین سابق دیوان اجمیر شریف، مولانا سید آل مصطفےٰ قادری الموسوی الجیلانی علی پاشاہ جانشین حضرت خطیب دکنؒ، مولانا ڈاکٹر سید شاہ محمد سلطان محی الدین قادری الموسوی مرتضیٰ پاشاہ جانشین حضرت عارفؒ، مولانا سید شاہ محمد درویش محی الدین قادری الموسوی مصطفی پاشاہ، مولانا ڈاکٹر سید شاہ سمیع اللہ حسینی بندہ نوازی، مولانا خواجہ شاہ محمد شجاع الدین افتخاری حقانی پاشاہ جانشین حضرت گنج انوارؒ، مولانا سید شاہ محمد امجد قادری، مولانا محمد صابر حسین قادری محمودی، جناب کیپٹن سیدحمید رضا قادری سجادہنشین و متولی حضرت سید عبدالواحد غریب نوازؒ بھینسہ، جناب سید توثیق پاشاہ قادری سجادہ نشین درگاہ حضرت معروف پیر قادری ؒ گدوال، مولانا سید شرف اللہ حسینی عین اللہ شاہ صوفی، مولانا سید نجم الدین قادری واحدی، مولانا غلام سبحانی صدیق القادری چشتی کے علاوہ وقف بورڈ کے مقامی عہدیداران ہیں۔ مولانا سید درویش محی الدین قادری صادق پاشاہ برادر سجادہ نشین، مولانا سید محمد صدیق قادری جانشین سجادہ نشین نے انتظامات کئے اور مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button