جنرل نیوز

پروفیسر معراج الحق برق کا انتقال عظیم علمی خسارہ۔مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی

مظفر پور 2 دسمبر (پریس ریلیز) یہ خبر انتہائی افسوس کے ساتھ سنی گئی کہ اردو اور فارسی کے عظیم اسکالر ، ادیب و شاعر پروفیسر معراج الحق برق کا بہار شریف واقع ان کے آبائی گاؤں میں آج عصر سے قبل انتقال ہوگیا ، انہوں نے ایک زمانہ تک آر ڈی ایس کالج مظفر پور میں اردو فارسی کے صدر شعبہ کی حیثیت سے کام کیا، جس زمانہ میں ان کا قیام زاہدہ منزل سعد پورہ پوکھریاپیرمظفر پور کے قریب تھا اس زمانہ میں تراویح میں وہ میرے مقتدی ہوا کرتے تھے ، پھر انہوں نے زکریا کالونی سعد پورہ مظفر پور میں اپنا مکان تعمیر کیا اور وہیں مستقل قیام پذیر ہو گئے ان کا مزاج انتہائی شرعی تھا، وہ صوم و صلوٰۃ کے انتہائی پابند تھے، ان کی پابندی کی وجہ سے ہی زکریا کالونی مسجد میں جب کبھی امام رخصت پر ہوتے تو معمولاً امامت کے فرائض وہی انجام دیتے تھے، وہ تکبیر اولیٰ سے نماز پڑھنے کے عادی تھے اور یہ معمول ان کا آخری عمر تک باقی رہا، بعد میں جب گھٹنے اور کمر کی درد کی تکلیف ہوئی تو بھی وہ کرسی پر بیٹھ کر پہلی صف میں نماز پڑھتے ، ان کے اخلاق و عادات بہت اچھے تھے ، میرے چھوٹے بھائی محمد رضاء الہدیٰ رحمانی کی لڑکی ان کے لڑکے سرور حیات کے نکاح میں ہیں اس لیے وہ میرے سمدھی تھے وہ مجھ سے غیر معمولی محبت کرتے تھے اور جب کسی مسٔلے میں انہیں کچھ دریافت کرنا ہوتا تو وہ مجھے فون کرتے، امارت شرعیہ سے ان کا تعلق قدیم مضبوط اور گہرا تھا وہ اکابرین امارت شرعیہ سے مخلصانہ تعلق رکھتے ا ور اس کی خدمات سے واقفیت رکھنے کی کوشش کرتے، ان کا اصلاحی تعلق حضرت مولانا محمد شمس الہدیٰ صاحب راجوی دامت برکاتہم العالیہ سے تھا ، ان کی تعلیمات کے مطابق جب وہ مظفر پور میں ہوتے حضرت کے حلقہ ارادت کے لوگوں کی مراقبہ اور ذکر کی مجلس ان کے دولت کدہ پر لگتی تھی، وہ خاموش طبع انسان تھے لیکن اردو فارسی کے بڑے محقق اور اچھے استاد تھے، ڈاکٹر امام اعظم نے تمثیل نو کے تازہ شمارہ میں ان کے کئی منظوم خطوط جو پروفیسر ثوبان فاروقی حاجی پور کے نام ہے شائع کیا ہے جس سے ان کی قادر الکلامی ، شاعرانہ امتیاز ، رفعتِ تخیل اور ندرت فکر کا پتہ چلتا ہے۔میری چچا زاد بہن ڈاکٹر زینت آرا نے ان کی نگرانی میں عارف ماہر آروی کی شخصیت اور فن پر ان کی نگرانی میں تحقیقی مقالہ لکھ کر پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی، ڈاکٹر زینت آرا میرے چھوٹے بھائی ڈاکٹر نداء الہدیٰ ندا کی نکاح میں ہیں، ان خیالات کا اظہار امارت شرعیہ کے نائب ناظم ، وفاق المدارس اسلامیہ کے ناظم، کاروان ادب حاجی پور کے صدر اور اردو کارواں امارت شرعیہ کے نائب صدر مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نے اپنے اخباری تعزیتی بیان میں کیا، مفتی صاحب نے فرمایا کہ پروفیسر معراج الحق برق کا انتقال علمی، ادبی اور تحقیقی دنیا کا عظیم خسارہ ہے، انہوں نے پروفیسر صاحب کے وارثان ، متعلقین ، محبین ، اور خصوصاً زکریا کالونی کے باشندوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے صبر کی تلقین کی اور مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کیا اور عام مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کریں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button