تلنگانہ

عرب شیخوں سے محبت اور ہندوستانی مسلمانوں سے نفرت _ نریندر مودی کی پالیسی پر بیرسٹر اسدالدین اویسی کی تنقید

نظام آباد:10/جنوری (اردو لیکس) صدر مجلس بیرسٹر اسد الدین اویسی ایم پی نے کہا ہے کہ ملک میں مسلم اقلیتوں کے خلاف فرقہ پرستی کو فروغ دینے اور نفرت کی دیواریں کھڑی کرتے ہوئے منظم انداز میں فسطائی طاقتیں کام کررہی ہے انھوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی ایک طرف عرب شیخوں کو خوش کرنے کی پالیسی پر گامزن رہتے ہوئے محبت سے پیش آتے ہیں وہیں ملک کے مسلمانوں سے نفرت کرتے ہیں۔ مودی نہیں چاہتے کہ مسلمان ترقی کریں۔ تعلیمی و معاشی میدان میں آگے بڑھیں۔ انہوں نے کہاکہ مجلس مسلمانوں کے لئے سماجی انصاف و حصہ داری کیلئے جدوجہد کرتی ہے جس کے تحت ملک میں 50فیصد تحفظات کے سیلینگ ایکٹ کو توڑ کر پسماندہ، کمزور و اقلیتوں کو تحفظات عطاکریں جس کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کو پارلیمنٹ میں اس سیلینگ ایکٹ قانون کو توڑ کر تحفظات کے فیصد میں اضافہ کرنے کیلئے قانون سازی کرنے بھاری اکثریت حاصل ہے۔ بیرسٹر اسد الدین اویسی ایم پی آج مجلس اتحاد المسلمین نظام آباد کے زیر اہتمام بسیرا کنونشن بودھن روڈ نظام آباد میں سالارِ ملت ماڈل پیپر سیریز آل ان ون کی تمام سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم ایس ایس سی اردو میڈیم طلباء وطالبات میں مفت تقسیم کے پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے مخاطب کررہے تھے۔

 

بیرسٹر اسد الدین اویسی نے کہاکہ مجلس اتحاد المسلمین سال 2005ء تا 2024ء تک مرحوم سالارِ ملت کے خواہشات کے عین مطابق ایس ایس سی میں غریب اردو میڈیم طلبہ کو تعلیم سے آراستہ کرنے کے مقصد سے آل ان ون بکس کی مفت تقسیم کرتے چلے آرہے ہیں۔سالارِ ملت نے مسلمانوں کی تعلیمی ترقی کیلئے میڈیکل و انجینئرنگ کالج قائم کئے۔جس کی وجہہ سے 5ہزار سے زائد ڈاکٹرس دنیا کے مختلف گوشوں میں کام کررہے ہیں۔ سالارِ ملت کا ویژن دور اندیشی پر مبنی تھا جس سے آج ملت کے نوجوانوں کو فائدہ حاصل ہورہا ہے۔ جاریہ سال 23.70لاکھ روپئے کی لاگت سے طباعت کئے گئے 8ہزار ایس ایس سی ماڈل پیپرس تلنگانہ کے اضلاع و منڈلوں کے سرکاری اسکولوں میں تقسیم کئے جارہے ہیں اس طرح اب تک آل ان ون بکس 1.14لاکھ طلبہ میں مفت تقسیم کئے گئے۔ بیرسٹر اسد الدین اویسی نے مسلم طلباء وطالبات سے کہاکہ معاشی و تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے کے لئے تعلیم کا حاصل کرنا لازمی ہے۔ انہوں نے ہمیشہ اونچے خواب دیکھنے، محنت و جستجو اور اخلاص کی نیت سے کام کرنے کا مشورہ دیا۔ جس کے ذریعہ ملک کے بدلتے حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جاسکے۔کیونکہ ملک کے مستقبل سے ہی مسلمانوں کا مستقبل جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے لڑکیوں کو تعلیم سے آراستہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ایک تعلیم یافتہ بیٹی ایک خاندان اور اپنی اولاد کی تربیت کیلئے بہترین معاون و مددگارثابت ہوسکتی ہے۔

 

انہوں نے اولیائے طلبہ پر زور دیتے ہوئے کہاکہ معاشی مشکلات کے باوجود اپنی اولاد کو اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے ہر تکلیف کو برداشت کریں۔ لڑکی کو اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کئے بغیر شادی کرنے سے گریز کریں۔ بیرسٹر اسد الدین اویسی نے کہاکہ اردو میڈیم تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ مایوس نہ ہوں کیونکہ زبان کی وجہہ سے ترقی کے مواقع کم نہیں ہوں گے۔ اردو میڈیم سے بڑے بڑے غیر مسلم قائدین و دانشوروں نے تعلیم حاصل کرتے ہوئے بلند مقام حاصل کیا ہے۔ انہوں نے بی جے پی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی حکومت مسلمانوں کو پری میٹرک، پوسٹ میٹرک اسکالرشپ کے فنڈ میں 80%کمی کردی ہے۔ اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اقلیتی موقف کو ختم کرنے کیلئے نریندر مودی اور امیت شاہ دشمنی کررہے ہیں۔

 

بیرسٹراسد الدین اویسی نے کہاکہ مجلس کو گالیاں دینا ایک فیشن بن گیا ہے مجلس سے حسد کرنے والے مجلس کی کارکردگی سے پریشان ہے۔اور مجلس پر من گھڑت و گمراہ کن سنگین الزامات بھی عائد کرتے چلے آرہے ہیں لیکن اس کے باوجود مجلس پارٹی ان پرخطر حالات کا کامیابی کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے آگے بڑھ رہی ہے۔ مجلس پر تنقید کرنے والے سیاسی تعلیم کے طالب علم ہیں۔جو ہمیشہ مجلس پر تنقیدیں کرنا اپنا وطیرہ بنالیا ہے۔ بیرسٹر اسد الدین اویسی نے کہاکہ مجلس پارٹی کے قائم کردہ تمام تعلیمی ادارے مسلمانوں کی امانت ہے۔ ہم رہے نہ رہیں لیکن یہ ادارے ہمیشہ قائم رہیں گے۔

 

انہوں نے کہاکہ 18/مارچ 2024ء سے شروع ہورہے ایس ایس سی امتحانات کے آغاز کے پیش نظر طلباء و اولیائے طلبہ اپنے اپنے گھروں میں ٹی وی دیکھنا و سیل فون کا استعمال قطعی طورپر بند کرتے ہوئے امتحان کی تیاری کرنے کیلئے اپنے آپ کو وقف کردیں اور اعلیٰ درجات سے ایس ایس سی میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے پروفیشنل کورسیس و گریجویشن تعلیم کے حصول کیلئے آگے بڑھیں۔ قبل ازیں صدر ضلع مجلس نظام آباد محمد شکیل احمد فاضل و صدر ضلع مجلس عادل آباد محمد جابر احمد نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ مجلس گذشتہ 25سالوں سے تعلیمی میدان میں مسلمانوں کی تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے۔ قوم کو آگے بڑھنے کیلئے تعلیم حاصل کرنا بے حد ضروری ہے کیونکہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے ایس ایس سی میں کامیابی ترقی کا پہلا زینہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ آل ان ون بکس کے ذریعہ اردو میڈیم طلبہ امتحانات میں شاندار کامیابی حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے طلباء وطالبات سے آل ان ون بکس سے استفادہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرنے کی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

 

اس پروگرام میں ڈپٹی میئر بلدیہ محمد ادریس خان، کارپوریٹرس محمد سلیم، محمد مستحسین، سرفراز خان،محمد منور علی،محمد ریاض احمد، ماجد صدیقی، اعجاز حسین، عبدالعلی، میر ارشاد علی سمیر، محمد نصیر احمد، ایم اے مقیم،سید رفیع الدین کوآپشن ممبرشہباز احمد، ارشد پاشاہ کے علاوہ مجلسی قائدین عزیز راہی، خلیل احمد، ماجد خان لنک کمپیوٹرس کے علاوہ گورنمنٹ ہائی اسکول اردو میڈیم کے طلباء وطالبات اور اساتذہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ بعد ازاں بیرسٹر اسدالدین اویسی کے ہاتھوں طلبہ میں آل ان ون بکس تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button