نیشنل

کچھ لوگوں کی طرف سے یہ خوف پھیلایا جا رہا ہے کہ آر ایس ایس سے اقلیتوں کو خطرہ ہے : آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت

ناگپور _ 5 اکتوبر ( اردولیکس) راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت نے کہا کہ کچھ لوگوں کی طرف سے یہ خوف پھیلایا جا رہا ہے کہ ہماری وجہ سے اقلیتوں کو خطرہ ہے۔ یہ نہ سنگھ کی فطرت ہے اور نہ ہندوؤں کی۔ سنگھ بھائی چارے، اور امن کے ساتھ کھڑا ہونے کا عزم کرتا ہے۔

 

موہن بھاگوت نے ملک میں مختلف برادریوں میں آبادی کی عدم مساوات پر مشورہ دیا ہے کہ ایک جامع ‘آبادی پالیسی’ بنائی جائے جو ملک کے تمام طبقات پر لاگو ہو۔مہاراشٹر کے ناگپور میں آر ایس ایس کے دفتر میں منعقدہ دسہرہ ریلی میں شرکت کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کمیونٹی کی بنیاد پر آبادی میں عدم مساوات ایک بڑا عنصر ہے اور اسے کسی بھی حالت میں نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔

 

ملک کے مختلف طبقات کی آبادی میں توازن رکھنے کی ضرورت ہے۔ آبادیاتی تفاوت جغرافیائی حدود میں تبدیلی کا باعث بنتا ہے۔ آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے کہا کہ مشرقی تیمور، کوسوو اور جنوبی سوڈان جیسے نئے ممالک کچھ کمیونٹیز میں آبادی کے عدم توازن کی وجہ سے بنے۔ ہم آبادی کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہمیں دیکھنا چاہیے کہ چین میں کیا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ‘ایک بچہ’ کی پالیسی اپنانے والا چین اب ترقی یافتہ ملک بنتا جا رہا ہے۔

موہن بھاگوت نے کہا کہ ہندوستان، جس میں 57 کروڑ نوجوان ہیں، مزید 30 سال تک ہندوستان ایک نوجوان ملک رہے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے آبادی کے حساب سے وسائل بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا.. مزید 50 سال بعد ہندوستان کا کیا ہوگا..؟ کیا ہمارے پاس اس آبادی کے لیے کافی خوراک ہوگی؟  اس معاملے پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔

آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے  اپنی تقریر میں سماج میں اتحاد کی اپیل کی ہے۔ خاص طور پر دلتوں کے خلاف مظالم کا ذکر کرتے ہوئے موہن بھاگوت نے کہا کہ کون گھوڑے پر سوار ہوسکتا ہے اور کون نہیں، اس طرح کی چیزوں کو اب سماج سے ہٹا دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں سب کے لیے ایک ہی مندر، پانی اور شمشان گھاٹ ہونا چاہیے۔ انہوں نے سنگھ کے رضاکاروں سے اس کے لیے کوششیں کرنے کی اپیل کی۔ موہن بھاگوت نے کہا کہ اگر سنگھ کے رضاکار اس طرح کی کوششیں کریں تو سماج میں عدم مساوات کو دور کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذات پات کی بنیاد پر امتیاز کرنا ادھرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مذہب کے دائرے سے باہر ہے۔

 

بھاگوت نے کہا کہ ساری ذمہ داری حکومت پر ڈالنے کے بجائے ہمیں ایک سماج کے طور پر خود کو آگاہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم زبان، تہذیب اور ثقافت کو بچانے کی بات کرتے ہیں لیکن ہمیں یہ بھی ذہن میں رکھنا ہوگا کہ ہم اس کے لیے کیا کرتے ہیں۔ موہن بھاگوت نے سوال کیا کہ کیا ہم نے اپنے گھر کی نام کی پلیٹ اپنی مادری زبان میں لکھی ہے؟ کیا ہمارے پاس مادری زبان میں دعوت کےکارڈ چھاپے جاتے ہیں؟ ہم بات کرتے ہیں کہ بچوں کو سنسکار ملنا چاہیے، لیکن ہم انہیں اس طرح پڑھنے بھیجتے ہیں کہ کچھ بھی کریں اور زیادہ ڈگری حاصل کریں۔ اگر آپ ایسا سوچیں گے تو نتیجہ وہی نکلے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button