جنرل نیوز

پروانچل کی قدیم ترین دینی اقامتی درسگاہ کے استاد  قاری نعیم الرحمن صاحب کا انتقال

مرکزی دارالعلوم محمدیہ گھوسی مئو یوپی کے قدیم ترین و بافیض استاذ تقریبا چالیس سال تک علم تجوید وقرأت کی خدمت کرنے والے ہم سب کے مخدوم ومحترم جناب حافظ وقاری نعیم الرحمن صاحب معروفی (رحمۃ اللّٰہ علیہ) اس دار فانی کو الوداع کہہ کر دار بقاء کی طرف روانہ ہوگئے ۔۔اناللہ واناالیہ راجعون موصوف کی نماز جنازہ آپ کے آبائی وطن محلہ اسلام پورہ ،پورہ معروف مئو میں 2:30 منٹ پر نماز ظہر کے بعد ادا کی گئی اور ہزاروں سوگواروں نے نمدیدہ آنکھوں کے سامنے سپرد خاک کیا جنازے میں علاقے بھر کے علماء کرام اور طلباء مدارس شامل تھے گھوسی سے تقریبا سو کے قریب لوگ شامل ہوئے واضح ہو احقر سمیت ہزاروں طلبہ کے محبوب ترین معلم ومربی ۔خلوص وللہیت کے پیکر نیک سیرت وخوبصورت حلیم الطبع خوش اخلاق انسان تھے۔علم تجوید کے ماہر ومشاق و خوش الحان قاری تھے

 

شفقت و نرمی کے ساتھ طلباء عزیز کے لوح قلب پر علم تجوید بروایت حفص سبعہ و عشرہ کو ثبت کرنے والے   بطرز اسلاف زندگی بسر کرنے والے تھے

 

واضح ہو کہ لاکڈاؤن میں آپ کی اہلیہ محترمہ بھی داغ فرقت دے گئیں اور اسی دوران ایک نیک سیرت بیٹی بھی اللہ کو پیاری ہو گئی جن دونوں کے صدمے نے آپ کو نڈھال کر رکھا تھا اس کے بعد سے آپ اکثر علیل رہتے تھے ابھی 10 جون کو احقر بغرض ملاقات دار العلوم محمدیہ گھوسی گیا تھا مگر وہاں معلوم ہواکہ قاری صاحب دو دن کی چھٹی پر ہیں بہرحال ملاقات نہ ہو سکی

 

اللہ رب العزت استاذ محترم کی کامل مغفرت فرمائے۔ اور ان کی قبر کو جنت کا باغ بنائے ۔نور کی بارش فرمائے۔ جنت الفردوس میں انبیاء۔ صدیقین۔ شہداء وصالحین کے جوار میں جگہ مرحمت فرمائے۔

 

پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔اور مرکزی دارالعلوم محمدیہ گھوسی کو نعم البدل عطا فرمائے ۔آمین

متعلقہ خبریں

Back to top button