جنرل نیوز

کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی ’’تحریک صلوٰۃ ‘‘کے ضمن میں اجلاس _مولانا ڈاکٹر سید عبدالمعز حسینی قادری شرفی ، مرزا نثار احمد بیگ نظامی سپریم کورٹ ایڈوکیٹ ‘ محمد شوکت علی صوفی و دیگر کے خطابات  

نماز دنیا و آخرت میں فلاح و کامرانی کا ذریعہ، نماز کی پابندی کرنے والا انعامِ ربانی کا حقدار

کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی ؐ کی ’’تحریک صلوٰۃ ‘‘کے ضمن میں اجلاس سے مولانا ڈاکٹر سید عبدالمعز حسینی قادری شرفی ، مرزا نثار احمد بیگ نظامی سپریم کورٹ ایڈوکیٹ ‘ محمد شوکت علی صوفی و دیگر کے خطابات

 حیدرآباد۔19/جنوری (راست) رب تعالیٰ کا بڑا احسان ہے کہ ہمیں اُمت محمدیہ ﷺ میں پیدا فرمایا اور نبی پاکﷺ سے محبت کرنے والا اور آپ کی سنت پر عمل کرنے والا بنایا ۔ یقینا یہ بات واضح ہے کہ رب تعالیٰ نے اُمت محمدیہﷺ کو پسند فرمایا بلکہ کئی نعمتوں سے بھی نوازا ۔ انہی نعمتوں میں سے ایک نعمت نماز بھی ہے جس کو رب تعالیٰ نے اُمت محمدیہ پر پانچ وقت کیلئے فرض فرمایا ۔ غور طلب ہے کہ رب تعالیٰ خود ہمیں اپنی بارگاہ میں بلانا چاہتا ہے اور فلاح و کامرانی سے نوازنا چاہتا ہے کیا ہم خوش قسمت اُمت نہیں ہیں یقینا ہیں ،

 

پھر ہم نمازکو کس طرح ترک کرسکتے ہیں ۔ نماز ہر حال میں فرض قرار دی گئی ہے مسلمانوں کو لازمی ہے کہ وہ نماز کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے نماز کے پابند ہوجائیں ، نماز مومن کی معراج ہے ، نماز مومن کی شان ہے ، کافر اور مسلمان میں واضح فرق نماز کا ہے ۔ان خیالات کا اظہار حضرت علامہ مولانا ڈاکٹر سید شاہ عبدالمعز حسینی رضوی قادری شرفی نے کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے اجلاس بضمن ’’ تحریک ِ صلوٰۃ ‘‘ منعقدہ مدنی گلشن ، سبزی منڈی ، کاروان حیدرآباد سے کیا ۔ مولانا نے اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ نماز دین و دنیا میں فلاح و کامرانی کا ذریعہ ہے ، نمازوں کی پابندی ہی خیر و برکت کا باعث ہے ، نماز گناہوں کو ختم کرنے والی ہے نماز کے متعلق حدیث پاک کا مفہوم ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے حضرت ابو ذر غفاری ؓ سے فرمایا کہ اے ابوذر ! میرے ساتھ آو ، آپ ﷺ حضرت ابو ذر غفاری ؓ کو لیکر ایک جھاڑ کی طرف گئے ، پت جھڑ کا زمانہ تھا ،

 

آپ ﷺ نے جھاڑ کی ایک ڈالی کو ہلانا شروع کیا جیسے ہی آپ ﷺ نے ڈالی کو ہلایا کئی پتے جھڑ کر گرنے لگے تو آپ ﷺ نے فرمایا اے ابو ذر ! جس طرح اس جھاڑ کے پتے جھڑ رہے ہیں اسی طرح جب بندہ خشوع و خضوع کے ساتھ نماز ادا کرتا ہے تو اسکے گناہ بھی اسی طرح جھڑ جاتے ہیں ۔ کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی الحمد للہ مسلسل کئی سالوں سے تحریک صلوٰۃ پر کام کررہی ہے جس کا مقصد ہر مسلمان کا نمازی ہوجانا ہے الحمد للہ جس کے شاندار نتائج سامنے ہیں ، والدین و سرپرست حضرات اپنے بچوں کو چاہے وہ چھوٹے ہو یا بڑے ، لڑکے ہو یا لڑکیاں ، اسکول کے طالب علم ہو یا کالج کے اسٹوڈنٹ ہوں سب کو نماز کا پابند بنائیں کیونکہ نماز تمام کامیابیوں کی بنیاد ہے ۔

 

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرزا نثار احمد بیگ نظامی سپریم کورٹ ایڈوکیٹ نے کہا کہ آج ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ ہم خود بھی نماز کے پابند بنیں اور اپنی اولاد اور اپنے دوست واحباب کو بھی نماز کا پابند بنائیں ۔ نماز کے متعلق نبی پاکﷺ کا فرمان ہے کہ نماز میری آنکھوں کی ٹھنڈک ہے ، دیکھا جارہا ہے کہ نوجوان نسل نمازوں کو بالکل ہی ترک کررہی ہے جس کی وجہ سے تقریباً نوجوان ذہنی امراض ، ڈپریشن و دیگر پریشانیوں کا شکار ہیں ، نماز جہاں روحانی سکون کا باعث ہے وہیں پر جسمانی صحت کیلئے بے انتہاء فائدہ مند ہے ، رات دیر گئے تک جاگنا ، صبح دیر سے اُٹھنا ، نمازوں کا ترک کرنا یہ عام بات ہوچکی ہے لیکن ان لوگوں کو یہ سمجھ لینا چاہئے کہ اگر کامیابی و کامرانی حاصل کرنا ہے تو نماز کی پابندی لازمی ہے خصوصاً نمازِ فجر کی اہمیت ہے کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی یہ تحریک ’’ تحریک ِ صلوٰۃ‘‘ کا مقصد مسلمانوں کا ہر گھر نماز کا پابند ہونا ہے ، والدین و سرپرست حضرات لڑکے و لڑکیوں کو نماز کی اہمیت بتاتے ہوئے انہیں نماز کا پابند بنائیں ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد شوکت علی صوفی (سینر صحافی) نے کہا کہ عصر حاضر میں ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم ہر کسی کو نماز کا پابند بنائیں ، پہلے پہل دیکھا جاتا تھا کہ محلے کے بزرگ حضرات فجر کی نماز کیلئے ہر گھر پر دروازہ کھٹکھٹاتے تھے

 

اور محلے کے تمام افراد بچے ، نوجوان سب ان بزرگ حضرات کے ساتھ نمازِ فجر کیلئے مسجد کا رُخ کرتے تھے، ایک نورانی و روحانی منظر ہوتا تھا لیکن افسوس آج نمازوں کو چھوڑنا عام بات ہوچکی ہے آج نوجوان رات بھر موبائیل فون اور فضول کی گفتگو میں وقت ضائع کررہے ہیں اور نمازِ فجر کی اذان کے ساتھ ہی بستروں پر چلے جاتے ہیں یہ انتہائی افسوسناک ہے ، والدین و سرپرستوں کو بھی چاہئے کہ وہ خود بھی نمازوں کے پابند بنیں اور اپنی اولاد کو بھی سختی سے نماز کا پابند بنائیں کیونکہ نماز مومن کی معراج ہے کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے اس اجلاس سے میں یہی پیغام دیناچاہونگا کہ مسلمانوں پر لازم ہے کہ وہ اپنے معاشرے میں اس تحریک کو عام کریں تاکہ ہر کوئی نماز کا پابند ہوجائے ۔ محمد شاہد اقبال قادری (صدر کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی) نے کہا الحمد للہ کمیٹی کی جانب سے تحریک صلوٰۃ پر کئی ایک اجلاس منعقد کئے جاچکے ہیں اور عوام سے خصوصی ربط رکھا جارہا ہے کئی ایک مساجد میں نمازِ فجر کی ادائیگی کے ساتھ مقامی افراد کو نمازوں کی طرف راغب کرنا کمیٹی کا اہم مقصد ہے

 

الحمد للہ جس کے خاطر خواہ نتائج بھی ہمارے سامنے ہیں ، ان شاء اللہ کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی اپنے سالانہ پروگرامس ، انٹرنیشنل معراج النبی کانفرنس ، مرکزی جلسہ شب برأت ، مرکزی جلسہ شب قدر میں نماز کی اہمیت و فضیلت اور ترک نماز پر عذابات کے متعلق عالمی اسلامک اسکالرس کو خطابات کیلئے مدعو کررہی ہے ، نیز تحریک صلوٰۃ پر ان شاء اللہ کمیٹی عنقریب علماء و مفتیانِ کرام کی ایک عظیم الشان گول میز کانفرنس بھی منعقد کرے گی ۔ لہذا والدین و سرپرست حضرات سے گذارش ہے کہ اپنی نسلوں کو نماز کا پابند بنائیں تاکہ وہ بے راہ روی ، بے حیائی سے بچ کر سچے مسلمان اور والدین کے فرمانبردار بن جائیں ۔ اجلاس سے حضرت مولانا سید شاہ محمد قادری ملتانی صاحب ، ڈاکٹر مولانا محمد اخلاق شرفی صاحب ، ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نظامی (نائب صدر کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی ) نے بھی خطاب کیا ۔ اجلاس میں مولانا سید شاہ معروف حسینی قادری شرفی ،مولانا سید شاہ بدر الدین حسینی رضوی قادری شرفی معیدپاشاہ ، مولانا سید شاہ محمد عبدالمقیت حسینی قادری شرفی، سید شاہ عبدالمقتدر حسینی قادری شرفی ، ڈاکٹر مجیب شاہد ، سید اعزاز محمد ، محمد عظیم نظامی، عادل اشرفی ، اسلم اشرفی ، سید طاہر حسین قادری ، عبید اللہ سعدی قادری شرفی ، سید عبدالکریم رضوی نے شرکت کی ۔ آخر میں صلوٰۃ و سلام و دعا پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button