جنرل نیوز

اکالی دل لیڈر پرکاش سنگھ بادل کی موت سماجی ہم آہنگی پسند کرنے والوں کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے

انڈین یونین مسلم لیگ کے قومی صدر پروفیسر قادرمحی الدین کا تعزیتی بیان

چنئی۔(پریس ریلیز)۔انڈین یونین مسلم لیگ کے قومی صدر پروفیسر قادر محی الدین نے پرکاش سنگھ بادل کے انتقال پر اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ اکالی دل کے رہنما پرکاش سنگھ بادل کی موت نہ صرف سکھوں کیلئے بلکہ ان تمام لوگوں کیلئے نقصان ہے جو سماجی ہم آہنگی چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ مجھے یہ جان کر دکھ ہوا کہ شرومنی اکالی دل کے بزرگ رہنما پرکاش سنگھ بادل کا 95سال کی عمر میں گزشتہ 25اپریل 2023بروز منگل انتقال ہوگیا۔ وہ پانچ مرتبہ پنجاب کے وزیر اعلی رہے۔ انہوں نے 2008تک کئی سالوں تک اکالی دل کے لیڈر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ ان کے پیارے بیٹے سکھبیر سنگھ بادل شرومنی اکالی دل کے رہنما کے طور پر ان کی جگہ لے رہے ہیں۔ اکالی دل کے رہنما انڈین یونین مسلم لیگ کے رہنماؤں کے بہت قریب ہیں۔ یہ میل جول بڑے بادل کے دور میں اور موجودہ لیڈر سکھبیر سنگھ بادل کی قیادت میں جاری ہے۔ اکالی دل لیڈروں سے ملاقات کے دوران ہماری طرف سے "ست سری اکال "کہنا اور ان کا مسلمانوں کے لیے "السلام علیکم "کہنا معمول تھا۔ریاست پنجاب کی ترقی میں بادل کا بڑا ہاتھ تھا۔ بادل ہی تھے جنہوں نے 1971میں جب کلائینر ایم کروناندھی نے پہلی بار ریاستی خود مختاری کی بات کہی تھی تو اس کی بادل نے مکمل حمایت کی تھی۔ کلائینر ایم کروناندھی اور بادل کی دوستی اصولی اور سیاسی طور پر گہری تھی۔ پرکاش سنگھ بادل کی موت جنہیں سکھ برادری کی بھرپور محبت اور حمایت حاصل تھی، نہ صرف سکھ قوم بلکہ ہندوستان کے تمام لوگوں کیلئے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے جو سماجی ہم آہنگی، بقائے باہمی اور سماجی زندگی کے خواہاں تھے۔ انڈین یونین مسلم لیگ کے قومی صدر پروفیسر قادر محی الدین نے اختتام میں کہا ہے کہ انڈین یونین مسلم لیگ بادل کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتی ہے۔ آیئے ہم لوگ سکھوں اور مسلمانوں کے درمیان ہم آہنگی برقرار رکھنے اور تمام لوگوں کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنے کیلئے بادل کے دکھائے ہوئے راستے کی یاد دلائیں۔ ہم ان کے خاندان اور ان کے اکالی دل کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اپنی گہری ہمدردی کا اظہا ر کرتے ہیں جو ان کے انتقال سے رنج و غم میں ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button