جنرل نیوز

علم اصل طاقت، کسی بھی قیمت پر تعلیم حاصل کریں۔ ڈان اسکول میں ٹریڈ کمشنر نامیبیا ڈاکٹر تسنیم شریف کا طالبات سے خطاب

حیدرآباد۔افریقہ کے ملک نامیبیا کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کے لئے مقرر ٹریڈ کمشنر ڈاکٹر تسنیم شریف نے کہا ہے کہ نامیبیا اور افریقہ کے دوسرے ممالک میں تجارت اور سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع ہیں اور ان سے ہندوستانیوں کو استفادہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے طلبہ میں اسکول کی سطح سے ہی تجارت کے رجحان کو فروغ دینے پر زور دیا۔ وہ ڈان ہائی اسکول ملک پیٹ میں ایس ایس سی ٹاپرس کو ایوارڈس کی پیشکشی کی تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔

 

انہوں نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علم ان کی اصل طاقت ہے اور انہیں تمام مشکلات کے باوجود حصول علم کا راستہ ترک نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے اپنی زندگی کی داستان سناتے ہوئے کہا کہ لڑکیوں کو جلد شادی کی صورت میں شادی کے بعد بھی تعلیم جاری رکھنی چاہیے۔ انہوں نے طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ ظاہری چمک دمک میں نہ آئیں اور بڑے مقاصد کے لئے کام کریں۔ ڈاکٹر تسنیم شریف نے جو ایل ایل بی اور کمپنی سکریٹری کی تعلیم کے دوران ایک نمایاں طالبہ رہی لڑکیوں کو علم کی اہمیت سے واقف کراتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے والدین کی قربانیوں کا احساس کرنا چاہیے اور انہیں بتانا چاہیے کہ

 

وہ ان کے لئے کتنی اہمیت رکھتے ہیں۔ محترمہ تسنیم شریف نے کہا کہ وہ ایک متوسط خاندان سے تعلق رکھتی ہیں جو ایک مشترکہ خاندان تھا لیکن کئی مشکلات کے باوجود انہوں نے اپنے والدین کی حوصلہ افزائی کی وجہ سے تعلیم کے مدارج طے کئے اور ایک اہم مقام حاصل کیا۔ ڈاکٹر تسنیم شریف نے ڈان ہائی اسکول کی طالبات کے معیار کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ ایک طالبہ تھیں انہیں کھل کر اظہار خیال کرنے اور اسٹیج پر تقاریر کرنے سے خوف محسوس ہوتا تھا۔ ممتاز ماہر تعلیم و سمہتا کالج کے بانی جی وی کرشنا راو نے ایس ایس سی ٹاپر لڑکوں میں ایوارڈس تقسیم کئے۔

 

ڈائرکٹر ڈان گروپ آف انسٹی ٹیوشنس ڈاکٹر فضل الرحمن خرم نے ڈاکٹر تسنیم شریف اور جی وی کرشنا راو کا شکریہ ادا کیا۔ دسویں جماعت کی طالبات ضحی بسم اللہ اور اقرا زینب نے کارروائی چلائی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button