تلنگانہ میں بلدی انتخابات کی تیاریاں شروع – 21 جون تک وارڈز کی تقسیم مکمل کرنے کی ہدایت

حیدرآباد _ 4 جون ( اردو لیکس) تلنگانہ حکومت نے بلدیات اور میونسپل کارپوریشنوں کے مجوزہ انتخابات کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ اس ضمن میں محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے انتخابات سے قبل درکار اہم عمل یعنی وارڈز کی از سر نو تقسیم کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
بلدی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں منگل کے دن حکومت نے وارڈز ری آرگنائزیشن (وارڈوں کی تقسیمِ نو) کا شیڈول جاری کیا۔ اس شیڈول کے مطابق 21 جون تک وارڈز کی تقسیم کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔
محکمہ بلدی نظم و نسق کی پرنسپل سکریٹری محترمہ سری دیوی نے متعلقہ ضلع کلکٹروں اور میونسپل عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس کام کو مقررہ وقت میں مکمل کریں۔
ریاست میں مجموعی طور پر 43 میونسپلٹیز اور میونسپل کارپوریشنز میں سے 30 شہری اداروں میں وارڈز کی تقسیم نو کی جا رہی ہے۔ جبکہ جی ایچ ایم سی میں شامل کی جانے والی 13 شہری مقامی اداروں کو اس عمل سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے کیونکہ وہ پہلے ہی حیدرآباد میٹرو پولیٹن حدود میں ضم ہو چکی ہیں۔
تاہم وہ سات بلدیات اور کارپوریشنوں جن کی میعاد ابھی باقی ہے، ان میں یہ عمل فی الحال ملتوی کر دیا گیا ہے۔ ان میں ورنگل، کھمم، سدی پیٹ، اچم پیٹ، کتھور، نکریکل اور جڑچرلہ شامل ہیں۔ ان اداروں میں موجودہ مجالس کی مدت ختم ہونے کے بعد ہی وارڈز کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی۔