جنرل نیوز

لوک سبھا انتخابات میں اساتذہ سے مجلس کے حق میں ووٹ دینے رکن اسمبلی بلعلہ کی اپیل

پولنگ فیصد میں اضافہ کو یقینی بنائیں احمد بلعلہ کا خطاب

حیدرآباد: جناب احمد بن عبد اللہ بلعلہ رکن اسمبلی کل ہند مجلس اتحاد المسلمین حلقہ ملک پیٹ حیدرآباد نے اساتذہ برادری پر زور دیاکہ وہ 13/مئی کو ہو نے والی رائے دہی کے سلسلہ میں حلقہ لوک سبھا حیدرآباد سے کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے صدر و امیدوار بیرسٹر اسد الدین اویسی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کیلئے سرپرستوں اور عوام میں شعور بیداری پیدا کریں۔

 

پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنس جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے مون فنکشن ہال ملک پیٹ حیدرآباد میں ۹مئی کو منعقدہ عظیم الشان تقریب سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس تقریب میں حلقہ لوک سبھا حیدرآباد میں شامل تمام اسمبلی حلقہ جات کے خانگی کالجس و مدارس کے کر سپانڈنٹس اور ذمہ داران نے شرکت کی۔ جناب فضل الرحمن خرم کنوینر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے علاوہ جناب سید حیدر علی، جناب میر محسن علی خان، جناب واجد فتح، جناب اکرم انصاری معظم (فیر یزفلاور اسکول اور دوسروں نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ جناب احمد بلعلہ نے سلسلہ خطاب جا ری رکھتے ہوئے کہا کہ مجلس اتحاد المسلمین ہی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو پورے ہندوستان کے مسلمانوں اور دیگر کمزور طبقات کی پارلیمنٹ میں نمایاں و موثر نمائندگی کر تی ہے انہوں نے کہا کہ سب سے بد ترین قانون سی اے اے اور این آر سی کی ملک بھر میں ہی نہیں ساری دنیا میں بھر پور مخالفت کی گئی۔ مجلس اتحادالمسلمین کے صدر بیرسٹر اسد الدین اویسی نے پارلیمنٹ میں ان سیاہ قوانین کی نہ صرف کھل کر مذمت کی بلکہ اس بل کی کاپی کو چار کر دیا۔ احمد بلعلہ نے کہا کہ اسد اویسی کے اس جراتمند انہ و بیباکانہ اقدام کے بعد ہی اس بل کے خلاف ساری ہندوستان کے عوام میں شعور بیدار ہوا۔

 

احمد بلعلہ نے کہا کہ حیدرآباد میں خواندگی کا فیصد 83ہے اس کا سہرا مدارس کے سر جا تا ہے۔ رکن اسمبلی ملک پیٹ نے مزید کہا کہ اسکولس و کالجس کے ذمہ داری ہے کہ وہ سرپرستوں اور ووٹ دینے کے اہل طلبا و طالبات سے خواہش کریں کہ وہ اپنا قیمتی ووٹ مجلس کو دیں اور پتنگ کے نشان پر بٹن دبائیں۔ انہوں نے مسلمانوں کو پسماندگی کی بنیاد پر تحفظات کے خاتمہ کی کوششوں اور مرکزی وزیر داخلہ کی جانب سے دئے جانے والے بیانات پر افسوس کا اظہار کیا جس میں کہا یہ جا رہا ہے کہ ریزرویشن کو ختم کر دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ پرستی کے ماحول کو ختم کر نے کیلئے پولنگ کا فیصد بڑھنا بیحد ضروری ہو گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دیگر ریاستوں میں 70تا 80فیصد بعض مقامات پر 90فیصد بلکہ بعض ریاستوں میں 100فیصد رائے دہی ہوئی ہے۔ حلقہ لوک سبھا حیدرآباد میں بھی رائے دہی کا فیصد پہلے سے زیادہ اضافہ ہو نا ضروری ہے۔

 

جناب مصطفی شریف کرشنا وینی گروپ آف اسکولس جناب محمود ساجد سینٹ معاذ ہائی اسکول، محمد ایوب شاد، جواہر ہائی اسکول و کالج، محمد ریاض الدین، ہدایہ گروپ آف اسکولس، خاند انصاری مدینہ مشن ہائی اسکول، جناب عرفان سکسس گروپ آف اسکولس، محمد حسام الدین گیلکسی کالج، جناب مجتبیٰ عامر وی آئی پی گروپ آف اسکولس نے اپنی تقاریر میں کہا کہ دشمن کو کبھی کمزور نہ سمجھیں۔ مسلمان ہی نہیں بلکہ ہندوستانی دستور پر یقین رکھنے والے ہر سنجیدہ فکر شہری سے اپیل ہے کہ وہ مجلس اتحاد المسلمین کے امیدوار بیرسٹر اسد الدین اویسی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کر نے میں کوئی کمی باقی نہ رکھے۔

 

خانگی مدارس و کالجس کے ذمہ داران اور کرسپانڈنٹس نے اس تقریب میں اس بات ک اعہد کیا کہ سر پرستوں اور طلباء و طالبات سے راست اور سوشیل میڈیا کے ذریعہ رابطہ بناتے ہوئے بیرسٹر اسد الدین اویسی کو ووٹ دینے کی مہم چلائی جائے گی جن کا امتیازی نشان پتنگ ہے۔ کارپوریٹر سید منہاج الدین نے کہا کہ وقت کاتقاضہ ہے کہ بیرسٹر اسد الدین اویسی کو پہلے سے زیادہ بھاری اکثریت سے کامیاب کیا جا ئے۔ بیرسٹر اویسی ملک و قوم کیلئے ایک عظیم اثاثہ ہے۔ جناب فضل الرحمٰن خرم نے تمام شرکا ء کا خیر مقدم کر تے ہوئے صدر مجلس بیرسٹر اسد الدین اویسی اور رکن اسمبلی جناب احمد بلعلہ کو اس بات کا تیقن دلایا کہ اگرچیکہ وقت بہت کم ہے۔ لیکن ووٹ شعوری بیداری کے سلسلہ میں بہت ہی سر گرمی کے ساتھ مہم چلائی جائے گی۔ سرپرستوں اور عوام کو مجلس کے حق میں ووٹ ڈالنے کیلئے اپیلیں کی جائیں گی۔

 

شہ نشین پر جناب عبید پٹیل، جناب خلیل الرحمن، جناب محمد فاروق، جناب محم دسہیل آئیٹا اور دیگر معززین موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button