جنرل نیوز

مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ کاماریڈی کے زیر اہتمام جلسہ _ الحاج جناب محمد انور صاحب کا خطاب

*حضرت محمد رسول اللہ ﷺ پر اللہ تعالٰی نے نبوت کے سلسلہ کو مکمل فرمایا، عقیدۂ ختم نبوت ہمارا ایمان ہے، ختم نبوت کے ڈاکوؤں سے مسلمانوں کو بچانے دینی تعلیم وتربیت انتہائی ضروری۔ جناب الحاج محمد انور صاحب کا خطاب*

 

 

کاماریڈی 15/ (اردو لیکس)اسلام کی بنیادی وضروری معلومات کے ساتھ ساتھ ایمان کی پختگی کیلئے علماء حقہ سے خصوصی تعلیم وتربیت حاصل کرنا انتہائی ضروری ہے، آج نت نئے فرقے وجود میں آرہے ہیں، جو مسلمانوں کے ایمان ویقین کو متزلزل کررہے ہیں، علم دین سے ناواقفیت اور جہالت کی بناء پر آدمی گمراہ ہوتا ہے، پیارے آقاﷺ نے ارشاد فرمایا ہر مسلمان پر علم دین کا حاصل کرنا فرض ہے, علم دین کے حصول کے لئے مکاتب کا استحکام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے,

 

ضلع کاماریڈی کے موضع محمد نگر میں مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ کاماریڈی کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے الحاج جناب محمد انور صاحب مدظلہ العالی (مجاز صحبت حضرت مولانا الشاہ منیر احمد صاحب دامت برکاتہم العالیہ ممبئی) نے ان خیالات کا اظہار کیا، انہوں نے اپنے سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہمارے پیارے آقا حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی ذاتِ اقدس کو آخری نبی ماننا ہی ایمان ہے، اس میں ذرہ برابر بھی شک وشبہ کی گنجائش نہیں ہے، مولانا مفتی محبوب قاسمی( بچکندہ) نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قادیانیت، شکیلیت، فیاضیت اس قسم کے نت نئے فرقے و فتنوں سے اپنے آپ کو ایسے ہی اطراف واکناف کے مسلمانوں کو بچانے کی بھرپور کوشش کرنے کی ضرورت ہے، حضرت مولانا مفتی عمران خان قاسمی رکن عاملہ اصلاح معاشرہ کمیٹی جمعیۃ علماء تلنگانہ وآندھرا نے تفصیلی خطاب فرمایا، نیز حافظ محمد فہیم الدین منیری صدر جمعیۃ علماء ضلع کاماریڈی نے مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ کاماریڈی کی شبانہ روز خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان چھوٹے چھوٹے دیہات میں جہاں کے مسلمان (سنگ تراش) جن کی زبان بھی صاف نہیں اردو بھی نہیں بول سکتے ایسے علاقوں میں ہمارے معلمین کرام بڑے جانفشانی کے ساتھ خدمات انجام دے رہے ہیں، ہم ان کی خدمات کو سلام کرتے ہیں، سامعین سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جہاں بچوں کی تعلیم وتربیت کے سلسلہ میں فکر مند ہیں اور ہونا بھی چاہئے وہیں ہم بھی اپنی دینی عقائدی تعلیم روزانہ حاصل کرنے کی سعی کریں، خواتین کیلئے باضابطہ تعلیم وترتیب کا نظم کیا جائے، اصلاح معاشرہ مہم کے سلسلہ میں کہا کہ معاشرہ میں پھیلی ہوئی برائیوں سے خود بھی بچتے ہوئے دوسروں کو بچانے کی کوشش کریں، جھوٹ کے رواج کو سچائی سے، دھوکہ بازی کی جگہ راست بازی ودیگر اخلاقی گراوٹوں کے سلسلہ میں فکر مند ہوکر گاؤں میں فکر مند احباب کی کمیٹی تشکیل دی جائے، علماء کرام سے استفادہ کے لیے چھوٹے چھوٹے پروگرام منعقد کے جائیں،

جس کے ذریعہ عام مسلمانوں تک اسلام کا پیغام پہنچے، برائیوں کا خاتمہ ہو، توحید ورسالت آخرت کا یقین پکا ہوجائے، نیز مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ کاماریڈی کے خدام وکارکنان کی جانب سے کیجانے والی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ تمام خدمات کا مقصد ہمارے پیارے آقا حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی محبت وعظمت کے ساتھ امت مسلمہ وابستہ رہے اور روز محشر حضور اکرمﷺ کی شفاعت نصیب ہوجائے، مولانا نظرالحق قاسمی نگران مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ کاماریڈی نے جلسہ کی کارروائی چلائی، مکتب حضرت حاطب بن ابی بلتعہ رضی اللہ عنہ محمد نگر شابدی پور کے طلباء وطالبات نے دلچسپ تعلیمی مظاہرہ پیش کیا، بالخصوص عقیدۂ ختم نبوت کو اچھے انداز میں پیش کیا، قاری محمد مجاہد صدیقی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء گمبھیراؤ پیٹ نے بھی خطاب فرماتے ہوئے کہا کہ مکتب کے نظام کو اپنے اپنے علاقے میں مضبوط کریں، مولانا منظور عالم مظاہری معلم مکتب نے تمام مہمان و حاضرین اجلاس کا دل کی عمیق گہرائیوں سے آبدیدہ ہوکر شکریہ ادا کیا، اور کہا ہماری حقیر سی دعوت پر اس چھوٹی سی بستی میں آپ حضرات تشریف لاکر ہماری ہمت افزائی کی، ہم آپ تمام کے بہت ہی ممنون و مشکور ہیں، محمد ماجد علی خان، محمد عبدالرحیم، محمد حمزہ کے علاوہ مقامی نوجوانوں نے مہمانوں کا استقبال کیا شہ نشین پر حافظ محمد امتیاز احمد کاشفی، مولانا نواز صاحب ناظر مجلس تحفظ ختم نبوت بانسواڑہ، حافظ محمد یوسف انور حلیمی نائب صدر جمعیۃ علماء کاماریڈی، الحاج سید عظمت علی، الحاج محمد عبدالواجد علی خازن مجلس، محمد سلیم الدین قائد ٹی آر ایس و کونسلر 20 وارڈ، حافظ محمد تقی الدین منیری محمد فیروز الدین پریس سکریٹری، حافظ محمد عبدالواجد علی خان سکریٹری جمعیۃ علماء کاماریڈی، شیخ اسماعیل صاحب صدر جمعیۃ حلقہ بلال ودیگر علماء حفاظ وذمہ داران کے علاؤہ عامۃالمسلمین کی بڑی تعداد نے علماء کرام کے بیانات اور بچوں کے پروگرام سے استفادہ کیا محمد جاوید علی رکن تاسیسی مجلس تحفظ ختم نبوت کاماریڈی نے جلسہ کی نگرانی فرمائی

متعلقہ خبریں

Back to top button