جرائم و حادثات

عمرہ کیلئے جانے والے خاندان کے مکان میں سرقہ۔ حیدرآباد میں واردات

حیدرآباد: شہر کے نامپلی علاقے میں واقع حبیب نگر پولیس اسٹیشن کی حدود میں ایک بڑی چوری کی واردات پیش آئی جہاں نامعلوم چوروں نے ایک مکان سے تقریباً 20 تولہ سونے کے زیورات، 15 تولہ چاندی کے زیورات اور نقد رقم کی چوری کرلی۔

 

پولیس کے مطابق یہ مکان شیخ اکبر محی الدین کی ملکیت ہے جو گزشتہ ہفتے اپنے ارکان خاندان کے ساتھ عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہوئے تھے۔ سارقین گھر کے دروازے کا ہینڈل توڑ کر اندر داخل ہوئے اور واردات انجام دی۔

 

چوری ہونے والے سونے کے زیورات میں تقریباً ساڑھے سات تولہ کا ہار، ساڑھے تین تولہ کی چوڑیاں، دو تولہ کا منگل سوتر اور تقریباً تین تولہ وزنی چھ سونے کی انگوٹھیاں شامل ہیں جبکہ مجموعی طور پر تقریباً 20 تولہ سونا چوری ہونے کی اطلاع ہے۔ اس کے علاوہ تقریباً 15 تولہ چاندی کے زیورات اور نقد رقم بھی چوری کرلی گئی۔

 

اطلاع ملتے ہی آصف نگر کے اے سی پی، حبیب نگر کے ایس ایچ او، ڈٹیکٹو انسپکٹر اور کلوز ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے جائے واردات کا معائنہ کیا فورینسک شواہد اکٹھے کیے اور مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

 

پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزمین کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف زاویوں سے تحقیقات کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button