مسلم پرسنل لا بورڈ جے اے سی جگتیال کی جانب سے وقف ترمیمی بل کے خلاف احتجاجی سلسلہ جاری

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی جگتیال کی جانب سے گزشتہ جمعہ سے شروع کیے گئے احتجاجی سلسلے کے تحت آج بروز جمعہ، مسجد قاضی پورہ جگتیال میں نمازِ جمعہ سے قبل حضرت مولانا مفتی خلیل الدین صاحب نے "وقف کی اہمیت اور ہماری ذمہ داریاں” کے عنوان پر مؤثر خطاب فرمایا۔
نماز کے بعد تمام مصلیان مسجد نے احتجاجی بینرز اور پلے کارڈز کے ساتھ پرامن احتجاج کیا۔ اس موقع پر محمد شعیب الحق، رکن جوائنٹ ایکشن کمیٹی مسلم پرسنل لا بورڈ جگتیال، نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ:
"یہ احتجاج اُس وقت تک جاری رہے گا جب تک حکومتِ ہند اس کالے قانون کو واپس نہیں لیتی، جسے مسلمانانِ ہند کے خلاف متعصبانہ انداز میں، صرف عددی طاقت کے بل پر اور حلیف جماعتوں کو ڈرا دھمکا کر، ان کی ریاستوں کی ترقی کے جھوٹے وعدوں اور لالچ کے ذریعے منظور کروایا گیا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ مسلمانانِ ہند عدالتِ عظمیٰ کے عبوری فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں اور ان منصفوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے حق و انصاف کا تحفظ کیا۔ تمام مسلمانوں اور ملک کے سیکولر اور انصاف پسند ہندو بھائیوں کی طرف سے عدالتِ عظمیٰ سے گزارش ہے کہ وہ حکومتِ ہند کو اس قانون کو واپس لینے پر مجبور کرے، تاکہ دستورِ ہند کی دفعات 14، 25 اور 26 کی حفاظت کی جا سکے۔
اس موقع پر مفتی محمد خلیل الدین صاحب، قاضی اقبال علی صاحب (صدر مسجد کمیٹی)، محمد عبدالسلیم عابد صاحب (اہلِ سنت والجماعت)، حافظ شمس الدین تبریز صاحب، اعتماد الحق صاحب، توفیق صاحب، معین صاحب اور محلے کے نوجوانوں کی بڑی تعداد نے احتجاجی نعروں کے ذریعے حکومت کو اپنا مؤقف واضح کیا۔