جنرل نیوز

جماعت اسلامی ہند یاقوت پورہ کی جانب سے جلسہ استقبال رمضان المبارک کا انعقاد

رمضان المبارک میں کثرت سے تلاوت قرآن اور نیکیوں کے حصول میں سبقت کریں.

جماعت اسلامی ہند یاقوت پورہ کی جانب سے جلسہ استقبال رمضان المبارک کا انعقاد

جناب محمد اظہر الدین سکریٹری شعبہ رابطہ عامہ حلقہ تلنگانہ‘ مرزا محمد اعظم علی بیگ سٹی سکریٹری ودیگرکے خطابات

 

رمضان المبارک کا بابرکت و عظیم مہینہ ہم پر سایہ فگن ہونے جا رہا ہے۔ اس ماہ مبارک میں ہم کثرت سے نیک اعمال کریں اورنیکیوں سے خدا کا قرب تلاش کریں۔ اس سے بڑی خوشخبری کیا ہو سکتی ہے کہ اس ماہ میں عام نیکی کا ثواب فرض کے برابر کر دیا جاتا ہے۔لہٰذا ہم اس ماہ میں نیکیوں کی جستجو کریں ان خیالات کا اظہار جناب محمد اظہر الدین سکریٹری شعبہ رابطہ عامہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ نے جماعت اسلامی ہند یاقوت پورہ کے زیر اہتمام سعید ولاّ فنکشن ہال‘ رین بازار پرمنعقدہ جلسہ استقبال رمضان المبارک سے اپنے صدارتی خطاب کے دوران کیا۔

 

اُنہوں نے کہا کہ اِسی طرح ہم اس ماہ مبارک میں ہم قسم کی برائیوں سے بھی دور رہیں اور اپنی زندگیوں سے برائیوں کے ازالہ کی کوشش کریں۔ اس ماہ میں ہم غرور و تکبر‘ جھوٹ‘ غیبت دھوکہ دہی اس طرح کی ہر چھوٹی بڑی برائیوں سے دور رہ کر یہ عادت بنا لیں کہ ہم آئندہ بھی اپنی پوری زندگی اس طرح کے کاموں سے دور رہیں گے۔ جناب مرزا محمد اعظم علی بیگ سٹی سکریٹری جماعت اسلامی ہند عظیم تر حیدرآباد نے کہا کہ رمضان المبارک میں پورے شعور کے ساتھ روزوں کی پابندی کی جائے۔ رمضان المبارک نزول قرآن کا مہینہ ہے اس ماہ میں کثرت تلاوت قرآن پاک کو معمول بنائیں۔ قیام الیل کے ذریعہ اپنے رب کے قریب ہوں‘ دعاؤں اور مناجات کے ذریعہ اپنے رب کو منائیں۔جناب محمد عبدالحفیظ اسلامی‘ ناظم وفاق العلماء یاقوت پورہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ رمضان المبارک کو قرآن کی نسبت سے بلند مقام حاصل ہوا ہے۔ لہٰذا ہم اس ماہ میں قرآن کے پڑھنے پڑھانے‘ سیکھنے سیکھانے اور اس کے احکامات پر عمل پیرا ہو جانے کی حتی المقدور کوشش کریں۔

 

 

جناب محمد عبدالحفیظ عظیمی‘ مقامی رکن شوریٰ کے درس قرآن سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ جناب محمد عما د الدین‘امیر مقامی یاقوت پورہ نے افتتاحی کلمات پیش کیے۔ جناب مرزا ضیاء الدین بیگ کاظم نے جلسہ کی نظامت کی۔ جناب محمد بشیر احمد کے اظہار تشکر و دعا پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔معاون امیر مقامی یاقوت پورہ جناب محمد زکی الدین نے انتظامات کی نگرانی کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button