نیشنل

بہار کے ساسارام اور بہار شریف میں دوسرے دن بھی تشدد _ فائرنگ میں ایک شخص کی موت _ شو روم سے 3 کروڑ مالیت کے موبائل لوٹ لئے

پٹنہ _ 2 اپریل ( اردولیکس ڈیسک) بہار کے ساسارام ​​اور بہار شریف میں رام نومی کی تقریبات کے دوران ہنگامہ آرائی کے بعد ہفتہ  کو ایک بار پھر تشدد پھوٹ پڑا۔آج پولیس نے دکانوں کو لوٹنے اور آتش زنی میں ملوث افراد پر فائرنگ بھی کی ۔ساسارام ​​نگر کے تمام سرکاری اور خانگی اسکولوں کو بھی 4 اپریل تک بند کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کوچنگ انسٹی ٹیوٹ کو بھی بند کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

 

پہلی فائرنگ ہفتہ کو نالندہ کے بہار شریف کے بنولیا میں ہوئی۔ یہاں سے کسی کے زخمی ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی۔ دوسری فائرنگ پہاڑ پورہ میں ہوئی جس میں پولیس اہلکار سمیت 3 افراد زخمی ہوئے۔ ان میں سے ایک کی موت ہو گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  یہاں دونوں طرف سے تقریباً 12 راؤنڈ فائرنگ کی گئی۔ ایک شخص کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ یہ واقعہ سہجلال پیر میں پیش آیا۔  علاقے میں پہلے سے ہی بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات ہے۔ تاہم واقعے کے بعد لوگوں میں خوف وہراس بڑھ گیا ہے۔

نالندہ ضلع کے مجسٹریٹ  ششانک شوبھنکر اور ایس پی اشوک مشرا نے ہفتہ کو کلکٹریٹ میں واقع ہردیو بھون میں رام نومی شوبھایاترا کے واقعہ کے سلسلے میں ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کیا۔ اس دوران ضلع مجسٹریٹ ششانک شوبھنکر نے بتایا کہ اس واقعہ میں بدامنی پھیلانے والوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔ سی سی ٹی وی اور ویڈیو فوٹیج کی جانچ کرکے بدمعاشوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔ اب تک 27 افراد کی شناخت کر کے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گاڑیوں، املاک اور دکانوں کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔ اب تک آٹھ ایف آئی آر درج ہو چکی ہیں۔ اس واقعہ میں ملوث شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کئی لوگ زخمی ہیں، ان کا علاج جاری ہے۔ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

جمعرات کو رام نومی کے موقع پر نکالے گئے جلوس میں بڑے پیمانے پر تشدد پھیلا۔ شرپسندوں نے نہ صرف  پتھراؤ  اور آتش زنی کی بلکہ بہار شریف میں شرپسندوں نے 3 کروڑ مالیت کے موبائل ایک شو روم سے لوٹ لئے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button