جرائم و حادثات

دریائے گوداوری میں 8 نوجوان غرق

حیدرآباد ۔ ریاست آندھرا پردیش کے ضلع کوناسیما کے مُمّیڈی ورم منڈل کے کمی نی لنکا علاقے میں اتوار کے روز ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں گوداوری دریا میں نہانے کے دوران آٹھ نوجوان غرق  ہو گئے جبکہ تین نوجوانوں کو بہ حفاظت باہر نکال لیا گیا۔

 

تفصیلات کے مطابق کے گنگاورم منڈل کے شُرُلّانکا گاؤں سے تعلق رکھنے والے چند نوجوان ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے آئے تھے۔ موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ان میں سے 11 نوجوان گوداوری دریا میں نہانے کے لیے اترے۔ پانی گہرا ہونے کے باعث 8 نوجوان غرق ہوگئے جبکہ تین خوش قسمت نوجوان کسی طرح باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔

 

غرق ہونے والے نوجوانوں کی شناخت کرانتی، پال، سائی، ستیش، مہیش، راجیش، روہت اور موہن کے طور پر ہوئی ہے۔ یہ تمام نوجوان کاکناڈا، رام چندر پورم اور منڈاپیٹہ علاقوں سے تعلق رکھتے تھے۔

 

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور غوطہ خور ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاپتہ نوجوانوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ مقامی افراد بھی اس ریسکیو کارروائی میں حصہ لے رہے ہیں۔

 

پولیس نے کہا ہے کہ تلاش کا کام رات گئے تک جاری رہے گا اور ضروری وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں تاکہ لاپتہ نوجوانوں کا سراغ لگایا جا سکے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button