جنرل نیوز

دستور کی آج پہلے سے زیادہ اہمیت۔ڈان اسکول میں یوم دستور تقریب سے وکلاء و دانشوروں کا خطاب

حیدرآباد۔ 28 نومبر (پریس نوٹ) دستور ہند ملک کے شہریوں کے لئے ایک اہم دستاویز ہے۔ دستور کی اہمیت آج سے زیادہ پہلے کبھی نہیں تھی۔ دستور ہی ملک کے عوام بالخصوص اقلتیوں کا محافظ ہے۔ ہمیں نہ صرف دستور پر ایک اچھے شہری کی طرح عمل کرنا چاہئے بلکہ دل و جان سے اس کا تحفظ کرنا چاہئے۔

 

ان خیالات کا اظہار وکلاء اور دانشوروں کے ایک گروپ نے کیا جو یوم دستور تقریب منانے کے لئے ڈان ہائی اسکول ملک پیٹ میں جمع ہوئے۔ 26 نومبر 1949 ء کو دستور ساز اسمبلی میں آئین کی منظوری کی یاد میں یہ دن منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر منگل کو ایک تقریب ہوئی جس میں ماہرین قانون نے طالبات اور اساتذہ سے خطاب کیا اور انھیں دستور کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ ممتاز سماجی کارکن محمد منظور احمد نے جو شعبہ قانون میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی نمائندگی بڑھانے کے لئے سرگرم عمل ہیں۔ اپنے صدارتی خطاب میں دستور ہند کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ آج پہلے کی بہ نسبت زیادہ مسلم طلباء و طالبات شعبہ قانون کی جانب مائل ہو رہے ہیں۔

 

ایڈوکیٹ عامر قاضی نے اپنے خطاب میں دستور کے مختلف نکات پیش کئے۔ ایک اور وکیل عبدالمحب نے طلبہ کو دستور میں دیئے گئے بنیادی حقوق اور بنیادی فرائض سے آگاہ کیا۔ باحجاب خاتون وکیل آمنہ بیگم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج شعبہ قانون سے وابستہ افراد کے لئے روزگار کے مواقع کے کمی نہیں ہے، وہ جج، وکیل اور مختلف کمپنیوں میں کارپوریٹ لایئر کی حیثیت سے خدمات انجام دے سکتے ہیں اور شعبہ تدریس سے بھی وابستہ ہوسکتے ہیں۔ ڈان گروپ آف انسٹی ٹیوشنس کے صدرنشین فضل الرحمن خرم نے اس تقریب کے اہتمام میں مرکزی رول ادا کرنے والے محمد منظور احمد اور مہمان وکلاء کا شکریہ ادا کیا۔

 

اس موقع پر طالبات نے معزز مہمانوں سے دلچسپ سوالات کئے جن کے وکلاء نے تشفی بخش جوابات دیئے۔ 9ویں جماعت کی طالبات نے اس موقع پر اظہار خیال کی آزادی کے پیام کو اجاگر کرنے کے لئے ایک ڈرامہ پیش کیا جو سعودی صحافی جمال خشوگی کی زندگی پر مبنی تھا۔ طالبات نے دستور کی اہمیت اور دستور کے معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی زندگی پر تقاریر کیں۔ ایک طالبہ نے دستور کی تمہید پڑھ کر سنائی۔ قرأت کلام پاک سے تقریب کا آغاز ہوا۔ طالبات نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

 

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button