جنرل نیوز

عادل آباد میں عیدالفطر پر امن ماحول میں جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی ۔

عادل آباد میں عیدالفطر پر امن ماحول میں جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی ۔بہترین خدمات پر میونسپل چیرمین جوگوپریمندر اور وائس چیرمین ظہیر رمضانی سے اظہار تشکر کیا گیا ۔ مختلف جماعتوں کے رہنماؤں نے عیدگاہ پہنچ کر مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی ۔

 

 

عادل آباد۔23/اپریل(اردو لیکس)مقدس مہینہ رمضان المبارک کے اختتام پر ضلع عادل آباد میں عیدالفطر پورے مذہبی عقیدت اور جوش وخروش کے ساتھ منائی گئی۔عید الفطر کی نماز بھکتا پور عیدگاہ میدان،جامع مسجد کے علاوہ سید سراج الدین اولیاء المعروف راجن شاہ ولی رحمتہ اللہ علیہ چاندہ شریف درگاہ میں روایتی جوش و خروش اور خشوع و خضوع کے ساتھ ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید نے نہایت خوشی کے ساتھ اور پر امن ماحول میں نماز عیدالفطر ادا کی۔عید الفطر کی نماز عیدگاہ میدان پر جامع مسجد کے امام و خطیب مولانا مفتی ناصر نہدی نے جبکہ جامع مسجد میں مولانا محمد سہیل قاسمی‌اور سید سراج الدین اولیاء المعروف راجن شاہ ولی رحمتہ اللہ علیہ چاندہ شریف درگاہ میں مسجد رضا کے خطیب و جامعہ کنزالایمان کے صدر مدرس حضرت مولانا قاری تجمل حسن نعیمی اور مسجد ظہرا خانہ پور میں حضرت مولانا ذاکر حسین نے پڑھائی۔

 

قبل اس کے مولانا مفتی ناصر نہدی نے عیدگاہ میں خطاب کرتے ہوئے رمضان المبارک و روزہ کے مقاصد سے متعلق پر اثر خطاب کیا۔اور رقت انگیز دعا کی۔اس موقع پر عیدگاہ سے امن وامان،آپسی بھائی چارہ اور ملک و ریاست کی خوشحالی و ترقی کے لئے دعائیں کی گئیں۔عید الفطر کی نماز کے لیے عادل آباد میونسپلٹی کی جانب سے(بالخصوص میونسپل وائس چیئرمین ظہیر رمضانی)نے تمام تر سہولیات فراہم کے لئے عید سے ایک روز قبل صبح سے رات دیر گئے شخصی طور پر انتظامات میں مصروف رہے۔جس کے لیے میونسپل چیرمین جوگوپریمندر اور وائس چیئرمین ظہیر رمضانی اور چیمپیئن ٹینٹ ہاؤس کے مالک محمد عبدالمتین صاحب کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔اور خدمات کی سراہنا کی گئی۔محکمہ پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے وسیع انتظامات کئے گئے تھے۔عیدگاہ میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور قائدین اور کئی ہم وطن برادران نے گلے لگا کر مسلمانوں کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ہندو مسلمان کے درمیان آپسی محبت و بھائی چارہ اور گنگا جمنی تہذیب کا گہوارہ کی بہترین مثال پیش کی

 

۔میدانِ عیدگاہ میں مبارک باد پیش کرنے والوں میں قابل ذکر سابق ریاستی وزیر و رکن اسمبلی عادل آباد جوگورامنا،ریاست تلنگانہ میناریٹی کمیشن ممبر محمد اطہر اللہ،میونسپل چیئرمین جوگوپریمندر،مونسپل وائس چیئرمین ظہیر رمضانی،سابق میونسپل چیئر پرسن رنگنینی منیشا پوران راؤ، اے ڈی سی سی بینک چیئر مین اڈی بھوجا ریڈی،کانگریس پارٹی ضلع صدر ساجد خان،سابق وزیر رام چندر ریڈی،کانگریس پارٹی ٹاؤن صدر ناگیش،بی آر ایس پارٹی اقلیتی قائد محمد یونس اکبانی،مجلس اتحاد المسلمین ٹاؤن صدر نذیر احمد،ٹاؤن جنرل سیکریٹری محمد اشرف،مینارٹی ٹاؤن صدر سلیم پاشاہ،بی آر ایس پارٹی وارڈ نمبر 35 صدر عتیق الرحمن،میونسپل کو آپشن ممبر اعجاز احمد، مجلسی کونسلر وارڈ نمبر 11 شاہ نواز الرحمن،نمائندہ کو آپشن ممبر محمد روہیت،مجلس اتحاد المسلمین سینئر قائد سید عنایت چشتی،سراج قادری و دیگر مسلم قائدین و مسلم بھائیوں اور صحافیوں کو بغل گیر ہوکر عید کی مبارکباد پیش کی۔

 

اس موقع پر عیدگاہ میدان تنگ دامانی کا شکوہ کر رہا تھا۔اور قدیم قومی شاہرا پر اور عیدگاہ کے روبرو کی شاہراہوں پر بھی ہزاروں کی تعداد میں مسلمانوں نے نماز ادا کی۔عیدگاہ کمیٹی کی جانب سے محکمہ پولیس اور محکمہ بلدیہ کا شکریہ ادا کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button