تلنگانہ

بیگم رضیہ بیگ نے قادر علی بیگ تھیٹرفاؤنڈیشن کوبلندیوں تک پہنچایا

بیگم رضیہ بیگ کے انتقال پر بالی ووڈ و ڈرامہ آرٹسٹوں کا خراج 

حیدرآباد(پریس نوٹ) بیگم رضیہ بیگ نے قادر علی بیگ تھیٹرفاؤنڈیشن کی بنیاد رکھتے ہوئے حیدرآباد میں ڈراموں کے فروغ میں اہم رول ادا کیا۔ پچھلے18سال کے دوران قادر علی بیگ تھیٹرفاؤنڈیشن نے ان کی سرپرستی میں حیدرآباد میں کئی اہم بڑے ڈرامے کئے اور دنیابھر سے فنکاروں کوحیدرآباد مدعو کیا۔

 

بیگم رضیہ بیگ کی مہمان نوازی، آرٹسٹوں سے لگاؤاور ان کے پکوان کی کمی آج بھی ہم محسوس کرتے ہیں۔ ماں کا متبادل دنیا میں کوئی چیز نہیں ہے۔بیگم رضیہ بیگ کی زندگی پرہمیں ایک بہترین ڈرامہ تیار کرنا چاہئے۔ ان خیالات کااظہار رڈیسن بلیو پلازہ ہوٹل بنجارہ ہلز میں بیگم رضیہ بیگ کی یاد میں منعقدہ تعزیتی تقریب سے مقرر ین نے کیا۔ حکومت تلنگانہ کے سابق مشیر اے کے خان نے کہاکہ بیگم رضیہ بیگ ہرڈرامہ میں پہلی صف میں بیٹھ کر تمام آرٹسٹوں کی حوصلہ افزائی کرتی تھی۔ انہوں نے اس موقع پر مشورہ دیا کہ فاؤنڈیشن کی جانب سے ہرڈرامہ کے موقع پر ایک کر سی ان کی یاد میں خالی رکھی جائے۔

 

پدم شری محمدعلی بیگ نے کہاکہ والد کے انتقال کے بعد وہ دوسرے فیلڈ میں مصروف ہوگئے تھے لیکن ان کی والدہ اور والد سے حیدرآباد کی عوام کی محبت نے انہیں قادر علی بیگ تھیٹرفاؤنڈیشن کی بنیاد رکھنے کی طرف متوجہ کیا۔انہوں نے کہاکہ ان کے والد نے چھالیس سال میں لاجواب چھالیس ڈرامہ کئے جنہوں نے ساری دنیا میں مقبولیت حاصل کی۔ انہوں نے ہندوستان بھر سے تشریف لائے بالی ووڈ اداکاروں،ڈرامہ آرٹسٹوں،فنکاروں،ادباء،شعراء،صحافیوں ودیگر کا شکریہ ادا کیاجنہوں نے اپنے فن کے اظہار کے ذریعہ بیگم رضیہ بیگ کوخراج عقیدت پیش کیا۔

 

انہوں نے اس موقع پرعلی سردار جعفری کی مشہورنظم گہوارہ پیش کی۔ اس موقع پر عامر علی خان(روزنامہ سیاست)، سابق وزیر گیتا ریڈی اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔ جلسہ کاآغازنور بیگ (نائب صدر فاؤنڈیشن) کی تقریر سے ہوا۔ بعدازاں بالی ووڈ اور ڈراموں سے جڑی اہم شخصیات موہن اگاشے، ایلاارون، وانی گنپتی، میتا وشیسٹ،ریشمی سیٹ،سریدھر بچاراجونے اپنے ڈراموں اور دیگرتخلیقات کے ذریعہ بیگم رضیہ بیگ کویاد کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button