کاما ریڈی:محمد اظہر الدین این آر آئی کی دختر کی شادی

کاما ریڈی (نمائندہ خصوصی) اللہ تعالیٰ کے کرم سے محمد اظہر الدین صاحب NRI کی صاحبزادی کا عقدِ نکاح مسجدِ نور، کاما ریڈی میں پر نور محفل میں انجام پایا۔حافظ محمد عبدالواجد حلیمی (قاری النکاح) نے خطبۂ نکاح پڑھا اور ایجاب و قبول کی تکمیل فرمائی۔
انہوں نے نکاح کے فضائل، زوجین کے باہمی حقوق اور خاندانی زندگی میں اسلامی اصولوں کی اہمیت پر مختصر اور بامعنی گفتگو کی۔ اختتام پر دلہا، دلہن اور دونوں خاندانوں کے لیے خصوصی دعاء کی گئی۔یہ مبارک رشتہ حافظ سید طحہ بختیار (فرزندِ جناب سید عالم جمال صاحب مرحوم) کے ساتھ طے پایا
جو ایک علمی و دینی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور تعلیمِ قرآن و سنت میں نمایاں خدمات رکھتے ہیں۔ اس نکاح نے دونوں خاندانوں کو محبت اور ایمان کے رشتے میں جوڑ دیا۔تقریب میں محترم سلیمان حماد (سعودیہ العربیہ) بطورِ مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ مختلف مساجد کے ائمہ و خطباء، علمائے کرام، رشتہ داران اور احباب کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ تمام شرکاء نے دلہا، دلہن اور دونوں خاندانوں کو مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں سے نوازا۔
مہمانانِ گرامی کا استقبال محمد یونس، محمد فیروز الدین اور دیگر اہلِ خانہ نے خلوص سے کیا۔ محفل میں نورانیت اور روحانیت کی جھلک واضح رہی۔محمد اظہر الدین (NRI) و اہلِ خانہ نے تمام مہمانان، علمائے کرام اور احباب کا دلی شکریہ ادا کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس نکاح کو دائمی سکون، رحمت اور برکت کا ذریعہ بنائے۔ آمین۔




