نیشنل

صدر جمہوریہ،وزیراعظم اور یوگی آدتیہ ناتھ نے دی عید میلادالنبی صلعم کی مبارکباد

نئی دہلی ۔ عید میلاد النبیؐ کے موقع پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی اور مختلف سیاسی رہنماؤں نے ملک کے عوام کو مبارکباد پیش کی اور پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو آج کے دور میں رہنمائی کا ذریعہ قرار دیا۔

 

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اردو اور ہندی دونوں زبانوں میں خصوصی پیغام جاری کیا۔ اردو میں اپنے پیغام میں انہوں نے کہا، ’’پیغمبر محمد (صلی اللہ علیہ وسلم ) کے یوم ولادت، میلاد النبی کے مقدس موقع پر میں تمام ہم وطنوں، بالخصوص ہمارے مسلم بھائیوں اور بہنوں کو دلی مبارکباد پیش کرتی ہوں۔‘‘

 

انہوں نے مزید لکھا ’’پیغمبر محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) نے اتحاد اور انسانیت کی خدمت کا پیغام دیا۔ اس مبارک موقع پر ہمیں ان کی تعلیمات سے ترغیب حاصل کرتے ہوئے بھائی چارے کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھتے رہنے کا عزم لینا چاہئے۔‘‘

 

وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے پیغام میں کہا ’’میلاد النبیؐ کی دلی مبارکباد۔ یہ مقدس دن ہمارے سماج میں امن اور خوش حالی لے کر آئے۔ کرم، خدمت اور انصاف کی قدریں ہمیں ہمیشہ راہ دکھاتی رہیں۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ یہ دن ہمیں ایک بہتر اور ہم آہنگ معاشرہ قائم کرنے کا عزم تازہ کرتا ہے۔

 

مرکزی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے بھی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عید میلاد النبیؐ کا تہوار امن، خوشی اور خدمت کے جذبات کو بڑھاتا ہے اور یہ دن ہمیں انسانیت کے اعلیٰ اقدار کو اپنانے کی یاد دلاتا ہے۔

 

ایک موقع پر اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا پیغام بھی جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ’’سی ایم یوگی نے عید میلاد النبیؐ کے موقع پر ریاست کے عوام کو دلی مبارکباد دی۔ یہ دن پیغمبر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے یوم ولادت کے طور پر منایا جاتا ہے۔

 

 

ہمیں امید ہے کہ یہ موقع سماج میں امن و آشتی کو بڑھانے کے لیے نئی تحریک ثابت ہوگا۔‘‘

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button