نیشنل

اتر پردیش۔نماز کے لیے بس روکنے پر معطل شدہ بس کنڈکٹر کی خودکشی!

نئی دہلی: مسافرین کی نماز کی ادائیگی کے لیے بس روکنے پر معطل شدہ ریاست اتر پردیش کے بس کنڈکٹر نے خودکشی کر لی ہے تاہم پولیس نے اسے حادثہ قرار دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ریاست اتر پردیش کے مین پوری ریلوے لائن پر بس کنڈکٹر موہت یادو کی نعش دستیاب ہوئی۔

 

 

ریلوے پولیس کو شبہ ہے کہ یہ شخص ریلوے ٹریک عبور کرنے کے دوران ٹرین کی زد میں آگیا۔ وہیں دوسری جانب 32 سالہ موہت یادو کے ارکان خاندان نے بتایا کہ جب سے انہیں ملازمت سے برطرف کیا گیا تھا وہ تناؤ کا شکار تھے اور مالی طور پر پریشان تھے۔

 

 

ان کا کہنا ہے کہ بس کنڈکٹر نے ٹرین کے آگے چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی ہے۔ واضح رہے کہ موہت یادو اتر پردیش اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن میں گزشتہ 10 سال سے بس کنڈکٹر کے طور پر کنٹریکٹ ملازمت کر رہے تھے۔ جون کے اوائل میں ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انہیں اور بس ڈرائیور کو ملازمت سے معطل کر دیا گیا تھا۔

 

 

بس کنڈکٹر کا قصور صرف اتنا تھا کہ انہوں نے بس میں سوار دو مسافرین کیلئے بس روکی تھی جو نماز پڑھنا چاہتے تھے۔اس مسئلے پر بس میں سوار ایک مسافر نے موہت سے بحث تکرار کی تھی۔ بتایا یہ جا رہا ہے کہ ایک مسافر اس بات پر برہم تھا کہ اس نے دو مسلمان مسافروں کو نماز پڑھنے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے بس کو کیوں روکا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button