نیشنل

بنگلورو میں مسلسل بارش 5 ہلاک ، مزید بارش کی پیش قیاسی کئی اضلاع کیلئے آرینج اور ایلو الرٹ جاری

بنگلورو 21 مئی: کرناٹک کے دارلحکومت بنگلورو میں گزشتہ 36 گھنٹوں سے جاری شدید بارش نے عام زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔ منگل کو بھی موسلا دھار بارش کے باعث متعدد علاقوں میں پانی جمع ہوگیا تھا جس سے ٹریفک جام اور آمد و رفت میں خلل پیدا ہوا۔ ریاست میں بارش سے متعلق اموات کی تعداد بڑھ کر پانچ ہو گئی ہے۔

 

انتظامیہ کے مطابق شہر کے سائی لے آؤٹ میں جزیرے جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، جہاں گھروں کی نچلی منزلیں پانی میں ڈوب چکی ہیں اور لوگ گھروں میں محصور ہو گئے ہیں۔ پیر کے روز تقریباً 150 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ مقامی باشندوں نے الزام لگایا ہے کہ میونسپل ایجنسیاں سائی لی آؤٹ میں رہنے والوں کی مشکلات پر توجہ نہیں دے رہیں۔

 

شدید بارش کے باعث ہینور میں واقع ایک یتیم خانے میں بھی پانی داخل ہوگیا، جہاں فائر بریگیڈ اور این ڈی آر ایف کی ٹیموں نے مل کر افراد کو بحفاظت نکالا۔ مانیاٹا ٹیک پارک اور سلک بورڈ جنکشن جیسے کئی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں، جس سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

 

پانی جمع ہونے کے باعث کئی گاڑیاں سڑکوں پر پھنس گئیں، جس سے شہر کے مختلف حصوں میں ٹریفک جام رہا۔ پولیس کے مطابق ایک اپارٹمنٹ میں پانی نکالنے کی کوشش کے دوران 12 سالہ بچے سمیت دو افراد برقی کی زد میں آکر ہلاک ہو گئے۔ واقعہ بنگلورو کے بی ٹی ایم سیکنڈ اسٹیج کے قریب پیش آیا

 

جہاں 63 سالہ منموہن کامت پانی نکالنے کے لیے موٹر پمپ چلا رہے تھے۔ شارٹ سرکٹ کے باعث وہ کرنٹ کی زد میں آ کر ہلاک ہوگئے جبکہ ان کے قریب کھڑا نیپالی ملازم کا بیٹا دنیش بھی برقی رو دوڑ جانے کی وجہہ سے ہلاک ہوگیا۔

 

اسی روز مہا دیوپورا میں ایک خاتون صفائی کے دوران دیوار گرنے سے ہلاک ہو گئی جبکہ رائچور اور کاروار میں بجلی گرنے سے دو افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

 

موسمیات کے محکمہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں بنگلورو میں تقریباً 30 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ اتوار کی رات سے پیر کی صبح تک 105 ملی میٹر بارش ہوئی۔ منگلورو میں بھی 90 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

 

محکمہ نے بنگلورو کے لیے "آرینج الرٹ” اور ریاست کے مختلف اضلاع کے لیے "ایلو الرٹ” جاری کیا ہے۔ حکام کے مطابق بنگلورو جیسے شہروں میں کنکریٹ ڈھانچوں کی وجہ سے پانی کی نکاسی میں دشواری پیش آتی ہے۔

 

کرناٹک کے نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے یقین دلایا کہ حکومت حالات سے نمٹنے کے لیے تیار ہے اور کسی کو فکر کرنے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے حزبِ اختلاف کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کیا وہ قدرتی آفات کو روک سکتے ہیں؟

 

کرناٹک کے کئی حصوں میں طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے ہندوستانی محکمہ موسمیات نے سات اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ اور ریاستی دارالحکومت بنگلورو کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔

 

اس دوران محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں میں انتہائی تیز بارش، ژالہ باری اور تیز ہواؤں کی پیش قیاسی کی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button