بھائی نے ہی بہن کا سہاگ اجاڑ دیا۔سوشل میڈیا انفلوئنسر چاندی مسعود قتل واقعہ کی تحقیقات میں انکشاف

حیدرآباد: شہر میں پیش آئے سنسنی خیز واقعہ میں 25 سالہ الیکٹریشن اور سوشل میڈیا انفلوئنسر محبوب جو "چاندی مسعود” کے نام سے مشہور تھا اس کا جمعہ کی دوپہر گھر میں گھس کر قتل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ گولکنڈہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں دوپہر تقریباً 3:20 بجے پیش آیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتول پر مبینہ طور پر اس کی بیوی کے بھائی ایس کے سہیل اور اس کے دو ساتھیوں عفو اور جابر نے حملہ کیا۔تحقیقاتی حکام کے مطابق چاندی مسعود نے تقریباً ڈیڑھ سال قبل سہیل کی بہن سے پسند کی شادی کی تھی۔
اس جوڑے کو 6 ماہ کا بچہ بھی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شادی کے بعد سے ہی مقتول اور اس کے نسبتی برادار کے درمیان اختلافات چلے آ رہے تھے۔پولیس کے مطابق جمعہ کے روز دونوں کے درمیان کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی جو بعد میں شدید جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔
الزام ہے کہ سہیل اور اس کے ساتھیوں نے لوہے کی سلاخوں اور خنجر سے چاندی مسعود پر حملہ کیا اور ان کے سر پر متعدد وار کیے جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہلاک ہوگیا۔واقعے میں اہم پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب مقتول کی والدہ نے بھی اپنے بیٹے کے قتل کا الزام ایس کے سہیل پر عائد کیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ حملے کے دوران انہوں نے اپنے بیٹے کو بچانے کی کوشش کی تاہم حملہ آوروں کو روکنے میں ناکام رہیں۔اس دل دہلا دینے والے قتل کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بڑی تعداد میں مقامی افراد جائے وقوع پر جمع ہو گئے۔
پولیس نے واقعے کی تفصیلی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور مقدمے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ملوث تمام ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں جبکہ قتل کے محرکات اور واقعے کی مکمل تفصیلات
جاننے کے لیے تفتیش کا عمل جاری ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید حقائق سامنے آنے کی توقع ہے۔



