جرائم و حادثات

عادل آباد شہر میں تین دن قبل سڑک پر دستیاب خاتون کی نعش کا پولیس نے معمہ حل کرلیا ۔ شوہر ہی نکلا قاتل

عادل آباد _ 15 ،جون ( اردولیکس) تلنگانہ کی عادل آباد پولیس نے تین دن قبل شہر میں سڑک کے کنارے دستیاب ہونے والی نامعلوم خاتون کے قتل معمہ حل کرتے ہوئے قاتل کو گرفتار کرلیا ہے ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی عادل آباد نے ٹو ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں پریس کانفرنس میں صحافیوں کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ جمعرات کو بلدیہ کے ایک ملازم نے سڑک کے کنارے نامعلوم خاتون کی نعش مشتبہ حالت میں پائے جانے کی پولیس کو اطلاع دی تھی

 

پولیس نے نعش کو رمس ہاسپٹل کے مردہ خانے منتقل کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔بعد پوسٹ مارٹم نعش کو ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔پولیس تحقیقات میں پتہ چلا کہ خاتون نائک پوڑ قبائلی طبقہ سے تعلق رکھنے والی 36 سالہ بھارتی ہے جس کی شادی کئی سال قبل مہاراشٹر کے ایک شخص سے ہوئی تھی اور شوہر کے ساتھ اس کے اکثر جھگڑے ہوا کرتے تھے جس کی وجہ سے وہ اپنے دو بچوں کے ساتھ مل کر 10 سال قبل اپنے ماں باپ کے گھر موالا عادل آباد آگئی تھی

 

اور ایک کپاس کے مل میں کام کرتی تھی اس دوران اس کی ملاقات 44 سالہ خلیل خان سے ہوئی،جو پیشہ سے آٹو ڈرائیور ہے اور اس کی بیوی اور بچے بھی ہیں، خلیل خان نے بھارتی کو مسلمان بنا کر اس کا نام سلمہ رکھا اور اس سے شادی بھی کی۔ ڈی ایس پی نے مزید بتایا کہ خلیل اپنی دوسری بیوی سلمہ پر شک کرتا تھا جس کی وجہ سے دونوں میں اکثر جھگڑے ہوا کرتے تھے،بالآخر 12 جون کی رات بھی اس نے سلمہ کو شک کی بنیاد پر بری طرح مارا جس کی وجہ سے وہ زخموں کی تاب نہ لاسکی،جس سے اس کی موت ہوگئی

 

اور اس معاملہ کو چھپانے کے لئے آٹو میں نعش کو رات دیر گئے سڑک کے کنارے پھینک دیا۔اس سلسلہ میں ضلع ایس پی غوث عالم کی ہدایت پر ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی کی نگرانی میں ٹو ٹاؤن انسپکٹر این اشوک اور ان کے ماتحت عملہ نے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے سی سی ٹی کیمروں کی مدد سے قاتل کا سراغ لگانے میں کامیابی حاصل کی اور قاتل خلیل کو گرفتار کرلیا۔ڈی ایس پی نے بتایا کہ ملزم کے خلاف قتل اور اٹھراسٹی کیس درج کرلیا گیا

 

۔24 گھنٹے میں کیس کو حل کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرنے پر ضلع ایس پی غوث عالم نے ٹو ٹاؤن پولیس کی ستائش کی۔اس پریس کانفرنس میں ٹو ٹاؤن سی آئی این اشوک،ون ٹاؤن سی آئی ستیہ نارائن،ٹو ٹاؤن ایس آئی لال سنگھ نائک و دیگر موجود تھے۔

متعلقہ خبر پڑھیں

عادل آباد شہر میں نامعلوم خاتون کی نعش سے سنسنی

متعلقہ خبریں

Back to top button