انٹر نیشنل

حج 2024 – سعودی وزارت حج کی اختتامی تقریب، عمرہ سیزن کے لیے تیاریاں شروع 

ریاض ۔ کے این واصف

حج 2024 کے اختتام کے ساتھ ہی سعودی وزارت حج و عمرہ نے “ضیوف الرحمان پروگرام” کے تعاون سے مکہ مکرمہ میں سالانہ اختتامی تقریب کا انعقاد کیا۔ جبکہ حج 2025 کے لیے تیاریوں کے آغاز کا بھی اعلان کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق حج اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرحج وعمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے کہا کہ اللہ رب العزت کے فضل و کرم سے مناسک حج 2024 کامیابی سے مکمل ہوگئے، اس کے ساتھ ہی 14 ذوالحجہ سے عمرہ سیزن کے لیے تیاریوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

 

وزیر حج و عمرہ نے حج 1445 ہجری بمطابق 2025 کے لیے “نسک مسار پورٹل” بھی لانچ کرنے کا اعلان کیا۔ پورٹل کو لانچ کرنے کا مقصد موجودہ حج سیزن کے تجربے کو سامنے رکھتے ہوئے آئندہ برس حج کے لیے عازمین کو مزید بہتر خدمات کی فراہمی کا لائحہ عمل مرتب کرنا ہے۔وزیر حج نے اپنے خطاب میں مزید کہا موجودہ حج سیزن کی کامیابی میں تمام اداروں کی مشترکہ کاوشیں شامل ہیں جن کا مقصد “ضیوف الرحمان” کی خدمت ہے۔

 

وزیر موصوف کے مطابق آئندہ برس کے لیے ہر ملک کے لیے مخصوص کوٹےکو مقرر کرنے کے حوالے سے بھی غور کیا گیا جبکہ حج امور کے نگران اداروں کو یہ اختیار دیا گیا کہ وہ حج خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے 3 سال کا معاہدہ کریں تاکہ آئندہ برس کے لیے عازمین حج کو مشاعر مقدسہ میں فراہم کیے جانے والے خیموں کا تعین اور کیٹرنگ سروسز وغیرہ کے حوالے سے ایگریمنٹ کئے جاسکیں۔

 

تقریب کے اختتام پر موجودہ حج کے حوالے سے بہترین طریقے سے خدمات انجام دینے والے اداروں کو تہنیت پیش کی گئی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button