طلبہ کو پیٹ کے کیڑوں سے محفوظ رکھنے ریاست بھر میں ڈی وارمنگ ڈے _ طلبہ کو گولیاں مفت کھلائی گئیں

طلباء کو پیٹ کے کیڑوں سے محفوظ رکھنے ریاست بھر میں ڈی وارمنگ ڈے ـ طلبا کو گولیاں مفت کھلائی گئیں
کھانا کھانے سے قبل ہاتھ اچھی طرح دھونے اور صاف ستھرا رہنے کا مشورہ ـ چارمینار منڈل میں ڈاکٹر فرح ناز اور محمد حُسام الدین کا خطاب
حیدرآباد 20 – جون ( پریس نوٹ)اسکولس وکالجس کے طلباء وطالبات اورایک تا 19سال کے دیگر بچوں کو بھی پیٹ کے کیڑوں سے محفوظ رکھنے کی غرض سے حفظ ماتقدم کے تحت ریاست تلنگانہ میں نیشنل ڈی وارمنگ ڈے منایاگیا اور ALBENDA ZOLE نامی گولیاں مفت کھلائی گئیں سرپرستوں اور عوام نے ان TABLETS کی مفت سربراہی پراظہار اطمینان کرتے ہوۓ اسے عوامی فلاح وبہبود کا بہترین اقدام قراردیا
مختلف پرائمری اور ہائی اسکولس میں ارکان اسمبلی ‘ کارپوریٹرس اور فلاحی تنِظیموں کے سربراہان ودیگر ذمہ داران کے علاوہ ڈاکٹرس ‘ پیرا میڈیکل اسٹاف اور آشاورکرس نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا چارمینار ‘ سعید آباد ‘ بہادر پورہ بنڈلہ گوڑہ ‘ نامپلی ‘ گولکنـڈہ خیریت آباد ‘ عنبر پیٹ ‘ آصف نگر ٰ’ حمایت نگر ‘ ماریڈ پلی ‘ ‘ مشیرآباد ‘ سکندرآباد ‘ شیخ پیٹ ‘ ترملگیری منڈلس کے علاوہ تمام اضلاع کے سرکاری امدادی ‘اورخانگی اسکولس وکالجس میں بڑے پیمانہ پر ان گولیوں کو مفت کھلایا گیا چارمینار منڈل میں گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول دبیرپورہ واقع مرتضیٰ نگرچمن املی بن یاقوت پورہ اورجی بی پی ایس املی بن یاقوت پورہ میں طلباء وطالبات کو گولیاں کھلانے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوۓ میڈیکل آفیسر اربن پرائمری ہلت سنٹر یاقوت پورہ 1 ڈاکٹر فرح ناز نے کہا کہ بچوں کو پیٹ کے کیڑوں سے بچانے کی غرض سے ہر سال دوبار قومی مشن کے تحت ریاست تلنگانہ میں بھی یہ پروگرام ہوتا ہے
انہوں نے سرپرستوں کو بتایا کہ اپنے بچوں کو کھانا کھانے سے قبل اچھی طرح دونوں ہاتھ دھونے کے لئے تاکید کریں اوراکثر بچے چپل پہنےبغیر گھروں کے باہر کھیلتے ہیں جس سے وہ گندگی سے متاثر ہوجاتے ہیں انہوں نے سرپرستوں کو یہ بھی مشورہ دیا کہ پکوان سے قبل ترکاریاں اچھی طرح دھوکر پکائیں کھانے پینے کی چیزوں کو ڈھانک کر رکھیں خاص طورپر پینے کے پانی کی مکمل حفاظت کریں اور پانی کو ابال کر پئیں گھروں میں اور اطراف واکناف کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں بڑوں کے مقابلے میں بچوں کا مدافعتی نظام کمزورہوتا ہے اس لئے والدین کو چاہئیے کہ وہ بچوں کی صحت سے متعلق ہر حفاظتی انتظام پر سختی سے توجہ دیں
علاوہ ازیں بچوں کے ناخنوں پر نظر رکھیں اس میں میل جمع ہوجانے سے انفکشن ہوتا ہے ناخن بڑھنے نہ دیں جناب محمد حسام الدین ہیڈ ماسٹر جی جی پی ایس دبیر پورہ اور انچارج جی پی ایس املی بن محترمہ سیدہ احمدی مسرت نے کہاکہ بچوں کو پیٹ کےکیڑوں سے محفوظ رکھنے کے لئے حکومت تلنگانہ بالخصوص محکمہ صحت کی یہ کوششیں قابل قدر و قابل ستائش ہیں جناب محمد حسام الدین نے بتایاکہ 20- جون کو جو بچے یہ گولی نہ کھا سکے ان کے لئےدوبارہ 27- جون کو حکومت کی طرف سے یہ گولیاں مفت کھلاٰئی جائیں گی انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرس کے مشورہ کے مطابق ہم اپنے بچوں کی پرورش نگہداشت کریں گے تو بچے ہر قسم کی بیماریوں سے محفوظ اور رقومات کے خرچ سے بھی بچ سکتے ہیں
ا س موقع پر معلمات محترمہ عائشہ صدیقہ ‘ محترمہ عابدہ پروین ‘ محترمہ نازیہ اکبر’ محترمہ شبانہ بیگم ‘ محترمہ فہیم النساء ‘ محترمہ حمیرہ فرحین کے علاوہ ڈاکٹر شافیعہ ( بستی دواخانہ مرتضیٰ چمن ـ املی بن یاقوت پورہ ) بی سورنا لتا پی ایچ این ‘ شبانہ بیگم ایم پی ایچ اے ڈبلیو’ احمدی بیگم آشاورکر ‘ ثمینہ النساء آشاورکر اور دوسرے موجود تھے