تلنگانہ

بلقیس بانو کے مجرمین کی رہائی،گجرات حکومت نے وحشیانہ سوچ کو فروغ دیا۔سپریم کورٹ مداخلت کرے: رکن کونسل کویتا

حیدرآباد _ 18 اگست ( اردولیکس) ٹی آرایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے بلقیس بانو عصمت ریزی معاملہ کے مجرمین کی معافی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ عصمت ریزی اور قتل جیسے گھناؤنے جرائم کے مجرموں کو ملک کی آزادی کے موقع پر رہا کرنایوم آزادی کے مبارک دن کو داغدار کرتا ہے۔انہوں نے مجرموں کی رہائی کے واقعہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ گجرات کی بی جے پی حکومت نے پانچ ماہ کی حاملہ بلقیس بانو کی عصمت دری اور اس کی تین سالہ بیٹی کے قاتلوں کو معاف کر کے وحشیانہ سوچ کو فروغ دیا ہے۔ یہ قانون وانصاف کی روح اور مکمل طور پر انسانیت کے خلاف ہے۔کویتا نے کہاکہ ایک خاتون ہونے کے ناطے وہ بلقیس بانو کے درد اور خوف کو محسوس کر سکتی ہیں۔ جس طرح عصمت دری کرنے والوں اور قاتلوں کو جیل سے رہا ہونے پر عزت دی گئی وہ مہذب معاشرہ کے منہ پر طمانچہ ہے۔ اس خطرناک عمل کو شروع میں ہی روکنا ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ قانون پر سب کا اعتماد برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ قاتلوں کی معافی کایہ شرمناک فیصلہ واپس لیا جائے۔ انہوں نے سپریم کورٹ سے درخواست کی ہے کہ وہ اس معاملہ کا اپنے طورپر نوٹ لے اور اس معاملے میں مداخلت کرے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button