تلنگانہ میں اگلے ہفتہ درجہ حرارت 15 ڈگری سے کم ہونے کی پیش قیاسی۔ محکمہ صحت نے شہریوں کو دیا یہ مشورہ

حیدرآباد: محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ ہفتہ کے دوران تلنگانہ میں کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سیلسیس سے بھی کم رہنے کا امکان ہے۔ سردی کی شدت میں اضافہ کے پیش نظر محکمہ صحت نے عوام کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق سردیوں کے موسم میں انفلوئنزا کے کیسز میں اضافہ ہوسکتا ہے
اور اس موسم میں بخار، سردی، ذکام اور گلے کی خراش انفلوئنزا کی ابتدائی علامات ہیں۔ محکمہ صحت نے حاملہ خواتین، بچوں، بزرگوں اور سانس کے عارضہ سے متاثر مریضوں کو خاص طور پر احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔ ان افراد کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بیمار افراد سے میل جول سے گریز کریں اور سرد ہواوں میں باہر جانے سے پرہیز کریں۔ اس کے علاوہ
مناسب نیند وافر مقدار میں پانی پینے اور غذائیت سے بھرپور خوراک کا استعمال کرنے سے نہ صرف صحت بہتر رہ سکتی ہے بلکہ انفلوئنزا جیسے وائرل انفیکشنز سے بھی بچاؤ ممکن ہے۔ محکمہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے اپنے اور اپنے اہل خانہ
کی صحت کا خیال رکھیں تاکہ سردیوں کے موسم میں بیماریوں سے بچا جا سکے۔




