این آر آئی

جبیل میں شاندار مقصدی مشاعرہ، زیر اہتمام “حیدرآباد دکن کنکشن” 

ریاض ۔ کے این واصف

مشاعرہ اردو زبان کی ایک خوبصورت روایت ہے، اس روایت کو ہم برسوں سے لئے چل رہے ہیں، ہمارے ہاں بار بار بلکہ لگاتار مشاعرے منعقد کئے جاتے ہیں مگر ان مشاعروں کی نوعیت اکثر “نشستن، گفتن، برخاستن کی ہوتی ہے لیکن پچھلے ہفتہ منطقہ شرقیہ کے شہر جبیل میں “حیدرآباد دکن کنکشن” (HDC)کے زیر اہتمام ایک مقصدی مشاعرہ منعقد ہوا۔ جشن جمہوریہ ہند کے حوالے سے منعقد اس مشاعرے میں ہندوستان سے مدعو کئے گئے شعرا میں طاہر فراز، سکھبیر سنگھ شاد، لتا حیا، عطا حیدرآبادی، جبکہ میزبان شعرا میں الطاف شہریار، باقر نقوی اور اقبال اسلم شامل تھے۔ مشاعرے کی صدارت طاہر فراز نے کی۔ عکس و آواز کی دنیا کی معروف شخصیت نعیم جاوید نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ حاضرین مہمان اور میزبان شعرا کے کلام سے بھر پور محظوظ ہوئے اور داد و تحسین سے نوازہ۔

ڈاکٹر آرتی کرشنا، صدر نشین این آر آئیز سل KPCC اینڈ سکریٹری آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ ایم اے نعیم، منیجنگ ڈائرکٹر ماسا اسپشلائیزڈ کنسٹرکشن کمپنی اور سراج وہاب، منیجنگ ایڈیٹر “عرب نیوز” نے اس محفل میں مہمانان اعزازی کے طور پر شرکت کی۔ محفل کے پہلے حصہ سے آرتی کرشنا اور سراج وہاب نے خطاب کیا۔ مجیب الدین سلطان نے نظامت کی اور صدر HDC عتیق الرحمان نے تنظیم کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور اسپانسرز کا تعارف پیش کیا جنہیں تنظیم کی جانب سے ہدیہ تشکر پیش کرتے ہوئے یادگاری مومنٹوز پیش کئے گئے۔ چیرمین HDC سید وحید لطیف نے ھدیہ تشکر پیش کیا۔

یہ مشاعرہ صرف دلدادگان شعر و ادب کی تسکین کا سامان نہین تھا بلکہ اس کی پیچھے ایک نیک مقصد کار فرما تھا۔ اس مشاعرے کی خاص بات یہ تھی کہ اس محفل شعر و سخن مین شرکا نے مفت داخلہ نہیں لیا تھا بلکہ HDC کے نیک جذبہ کو تقویت پہنچانے انھوں نے اپنی نشست قیمت ادا کرکے حاصل کی تھی۔ دوسرے یہ کہ موسم کے خراب ہونے کے باوجود ھال پوری طرح بھرا ہوا تھا۔

سید وحید لطیف، چیرمین HDC کے مطابق تنظیم کے مقاصد مین بڑے پیمانے پر تعلیمی وظائف، غریب اور مستحق افراد کی مالی مدد وغیرہ جیسی سماجی خدمات شامل ہیں۔ اس کا مالیہ تنظیم کے اراکین اور کچھ صاحب خیر حضرات کے تعاون سے حاصل کیا جاتا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس مشاعرے کے لئے محمد عبد النعیم ایم ڈی ماسا کنسٹرکشن کمپنی نے فراخدلی سے اپنا دست تعاون دراز کیا۔ اس کے علاوہ تنظیم کو Infinity Trading Co اور کچھ دیگر تجارتی ادارون کا بھی تعاون حاصل رہا۔

حمیدان فنکشن ھال میں منعقد اس مشاعرے کو سید وحید لطیف، عتیق الرحمان، محمد انیس الدین، اعراج خاں اور دیگر نے کامیابی سے ہمکنار کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button