حضرت عثمان غنی ؓ کی تلاوت قرآن کے دوران شہادت:مولاناجعفرپاشاہ
صحابہ کرام ؓ کی زندگیاں محبت الہی سے لبریز
حیدرآباد 13جولائی (راست) مولانا محمد حسام الدین ثانی عاقل جعفر پاشاہ نے جامع مسجد دارالشفاء میں جمعہ کے موقع پرسیرت خلفاء راشدین بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ حضور ﷺ کی حدیث مبارکہ ہے کہ میرے صحابہ ستاروں کے مانند ہے جو ان کی اقتدا کریگا وہ ہدایت پاجائیگا اور صحابہ کرام پر تنقید کرنے سے منع فرمایا۔ صحابہ کرام وہ شخصیات ہیں جن کوراست حضور ﷺ سے تربیت حاصل کرنے کا شرف حاصل ہوا۔ مولانا جعفر پاشاہ نے کہا کہ صحابہ کرامؓ ہر وقت آقائے دو جہاں ﷺ کی خدمت اقدس میں رہاکرتے اور تعلیم وتربیت حاصل کرتے تھے۔ صحابہ کرام کو حضور ﷺ سے قلبی لگاؤ تھا۔ حضور ﷺ کے ہرقول و فعل کو بغور دیکھتے اور سنتے اور زبان زد فرمالیتے تھے۔ نہ صرف زبانی یاد کرلیتے بلکہ فرط محبت میں حضور ﷺ کے ہر قول وفعل کو عملی جامہ پہناتے تھے اور بصد شوق واحترام ان پر عمل کرتے تھے۔صحابہ کرام کو حضور ﷺ سے بے انتہا محبت تھی۔چنانچہ حضرت عمر ؓ ہمیشہ مدینہ میں مرنے کی دعاء کرتے تھے۔ مولانا نے کہا کہ صحابہ کرام ؓ کی عبادتیں مخلصانہ ہواکرتی تھی۔عبادتیں صرف اور صرف محبت الہی سے لبریز ہوتی تھی۔صحابہ کرام ؓکی عبادتوں کا یہ عالم ہواکرتا تھا کہ ایک کیفیت چھاجاتی اور خوف الہی سے بدن کانپنے لگتا اور محبت الہی سے سرشار ہوتے۔چنانچہ حضرت عمر ؓجب حالت نماز میں تھے ابو لولو فیروز پیچھے سے خنجر مار کر شہید کیا۔اور حضرت عثمانؓ کو جس وقت شہید کیا گیا اس وقت حضرت عثمان ؓ قرآن کی تلاوت فرمارہے تھے۔ حضرت علی ؓ کو ایک مرتبہ پیر پر تیر لگا اوردرد وتکلیف کا یہ عالم تھا کہ پیر سے تیر نکالنا بہت مشکل تھا جب آپ ؓاللہ کے حضور عبادت میں مشغول ہوگئے اس وقت آپ ؓ کے پیر سے تیر نکالا گیا اور اس وقت آپ نے جنبش بھی نہیں فرمائی۔ مولانا نے صحابہ کرام ؓ کے واقعات کا تذکر ہ فرماتے ہوئے عوام الناس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صرف اور صرف زبانی مسلمان نہ بنیں بلکہ نمازوں کی پابندی کریں،حلال کمانے کی عادت ڈالیں، حرام کھانے سے بچیں، سود کی لعنت سے بچیں،فضول خرچی سے بچیں۔ مولانا جعفر پاشاہ نے صحابہ کرام ؓ کی طرزپر زندگی گزارنے کی تلقین فرمائی۔ مولانا نے کہا کہ اپنے بچوں کے سامنے صحابہ کرامؓ کے واقعات بیان کریں۔ اخیر میں مولانا نے حسامیہ منزل میں جاری محافل سیرت خلفاء راشدینؓ وسیدنا حسین ؓ میں شرکت کرنے کی گزارش کی۔