مسجد نبوی میں گزشتہ ہفتے ڈیرھ لاکھ افطاری پیکٹس تقسیم کئے گئے

ریاض ۔ کے این واصف
شہر نبی کریم مین زائرین کا اژدھام ہنوز جاری۔ مدینہ منورہ مین زائرین کی اکثریت پیر اور جمعرات کو روزہ رکھتے ہیں۔ صائمین کے لئے مسجد میں افطار کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ مسجد نبوی الشریف میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران آنے والے زائرین کی تعداد 7 ملین سے تجاوز کرگئی۔ بیشتر زائرین بیرون مملکت سے تعلق رکھنے والے تھے۔
سعودی خبررساں ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق مسجد نبوی الشریف میں شعبہ اعداد وشمار و خدمات کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے میں 6 لاکھ 58 ہزار 497 زائرین نے روضہ رسول پر سلام پیش کیا جبکہ 2 لاکھ 75 ہزار 106 افراد نے ریاض الجنہ میں نوافل ادا کیے۔ادارہ امور مسجد نبوی الشریف کی جانب سے فراہم کی جانے والی ترجمہ کی سہولت سے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 1 لاکھ 96 ہزار 59 زائرین مستفیض ہوئے جنہیں مسجد نبوی الشریف اور اس کے اطراف کے علاوہ دیگر مسائل کے حوالے سے اہم علمی اور دینی معلومات بھی مہیا کی گئیں۔
مسجد النبوی الشریف کی انتظامیہ کی جانب سے رمضان المبارک کے علاوہ عام طورپر بھی روزہ داروں کےلیے افطاری کے لیے مقامات مخصوص کیے گئے ہیں جہاں افطاری کا سامان بھی مہیا کیا جاتا ہے اس حوالے سے گزشتہ ہفتے میں 1 لاکھ 55 ہزار 229 افطاری پیکٹس بھی تقسیم کیے گئے۔