آئمہ و خطباء وقف کے موضوع پر جمعہ میں خطاب کریں _ آل انڈیا مسلم پرسنل پرسنل لاء بورڈ کے صدر محترم کی علمائے کرام اور ائمہ عظام سے اپیل

نئی دہلی:8/ اگست (پریس نوٹ) اوقاف ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، ہمارے آباء واجداد نے رضائے الٰہی اور اجر و ثواب کی نیت سے اپنی جائیدادیں اللہ تعالیٰ کی راہ میں وقف کی ہیں، ان اوقاف کی صیانت و حفاظت ہمار ا اولین فریضہ ہے۔ برسراقتدار طبقہ وقف ایکٹ 2013میں ترمیم کرنا چاہ رہا ہے اور اندیشہ ہے کہ ایسی ترمیم وقف ایکٹ میں کی جائے گی جس سے اوقاف کی نوعیت و حیثیت بدل جائے گی اور اوقاف کا تحفظ غیر یقینی ہوجائیگا، اسی طرح وقف بورڈ کے اختیارات بھی سلب کرلئے جائیں گے جس سے اوقاف پر قبضے کی راہین ہموار ہوجائیں گی، اسی تناظر میں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب نے تمام آئمہ مساجد اور علماء و خطباء سے اپیل کی ہے کہ اس جمعہ اور آنے والے جمعہ میں نماز جمعہ سے قبل وقف کے موضوع پر خطاب کریں۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر محترم نے آئمہ مساجد اور علماء و خطباء کو اس جانب بھی متوجہ کیا ہے کہ وہ اپنے خطاب جمعہ میں وقف کی شرعی حیثیت پر روشنی ڈالیں نیز مسلمانوں کی اس بات سے واقف کرائیں کہ وقف جائیدادوں پر قبضہ نہایت ناز یبابات ہے، حکومت وقت کے جو عزائم اور ارادے ہیں ان سے بھی لوگوں کو روشنا س کرائیں، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے وقف کے موضوع پر خطاب جمعہ جاری کیا جارہا ہے ائمہ و خطباء اس سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔