جنرل نیوز

گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد میں بین الاقوامی یوم جمہوریت تقریب سے شرکا کا خطاب

عالمی سطح پر جمہوری اقدار کو پروان چڑھانا وقت کی اہم ضرورت

ظہیر آباد16ستمبر( اردو لیکس) جمہوریت ایک ایسا طرز حکومت ہے جس میں عوام کی طاقت ہوتی ہے۔ابراہم لنکن کے مطابق جمہوریت عوام کی حکومت عوام کے لیے عوام کی جانب سے ہوتی ہے۔ ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے جہاں کثرت میں وحدت کے ساتھ جمہوری اقدار کی پاسداری کی جاتی ہے دنیا کے بیشتر ترقی پذیر ممالک میں جمہوریت قائم ہے اور عوام کی رائے کا احترام کیا جاتا ہے۔ کسی بھی ملک کے چار ستونوں عدلیہ عاملہ مقننہ اور صحافت کے ساتھ جمہوریت بھی مضبوط ہو اور شفافیت برتی جائے تو عوامی جذبات کا احترام ممکن ہوسکتا ہے

 

اس سال عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر صحافت کی آزادی کو بنیادی موضوع بنایا گیا ہے۔ اگر صحافت غیر جانبدار رہے تو وہ جمہوریت کو مضبوطی فراہم کرسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد نے کالج میں منعقدہ عالمی یوم جمہوریت پروگرام سے کیا جس کا اہتمام کالج کے شعبہ سیاسیات نے کیا۔ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی نے کہا کہ طلباء زمانہ طالب علمی سے اپنے اندر قائدانہ صلاحیتیں پیدا کریں۔ ووٹر لسٹ میں اپنا نام معہ آدھار کارڈ شامل کرائیں ہندوستان کے جمہوری سیاسی نظام میں حصہ لیں اور ملک کے مستقبل کی تعمیر کریں۔ کالج میں جمہوری اقدار کی معلومات کے لیے طلباء اور اساتذہ کی کمیٹی قائم کی گئی۔ صدر شعبہ سیاسیات ڈاکٹر محمد غوث نے کہا کہ ہمارے ملک میں جمہوری اقدار کو مضبوط بنانے اور انتخابات کے موقع پر زیادہ سے زیادہ رائے دہی کو یقینی بنانے کے لیے شعور بیدار کیا جائے۔

 

ڈاکٹر رویندر ریڈی وائس پرنسپل نے کہا کہ جمہوریت ہماری طاقت ہے اس کا استعمال ہم ووٹ کے ذریعے کر سکتے ہیں اور اپنے لیے بہتر قائدین کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ اس تقریب سے کالج کے لیکچررز ڈاکٹر عائشہ بیگم‘بدر سلطانہ‘ڈاکٹر سریندر‘ڈاکٹر ودیا ساگر لائبریرین نے خطاب کیا۔ طلباو طالبات نے جمہوری اقدار سے متعلق تقاریر اور نظمیں پیش کیں۔ تقریب میں کالج کے دیگر لیکچررز ایس راملو‘محمد تنویر‘محمد مظفر‘ جگن موہن‘بالاجی‘ پریتی‘ ایم شکنتلا‘ واجد علی‘ناگراج آفس کا عملہ وشنو پریا‘سوبھاگیا‘رادھا‘امام الدین‘وشنو اور دیگر نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button