جماعت اسلامی ہند ملک پیٹ کے زیر اہتمام سیرت ایکسپو اسوہ حسنہ کے مختلف پہلووں کو اجاگر کیا جائے گا۔ 15 روزہ سیرت مہم کا آغاز

حیدرآباد، 13 ستمبر : جماعت اسلامی ہند ملک پیٹ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ سے عامتہ الناس بالخصوص مسلم طلبہ و نوجوانوں کی وابستگی کو مضبوط کرنے اور ان کی صلاحیتوں کو تعمیری رخ دینے کی غرض سے متواتر چوتھے سال ’’سیرت ایکسپو‘‘ کا انعقاد عمل میں لارہی ہے۔ یہ ایکسپو ’’حضور ﷺ کی زندگی کا ایک دن ‘‘ کے مرکزی موضوع پر اتوار، 15؍ ستمبر کو مہاراجہ فنکشن ھال ، ذاکر حسین کالونی سعیدآباد پر صبح 10 تا 6 بجے شام منعقد ہوگی۔ افتتاحی تقریب میں بحثیت مہمانان خصوصی جناب محمد اظہر الدین ، معاون امیر حلقہ، جماعت اسلامی ہند تلنگانہ،جناب احمد بن عبداللہ بلعلہ ، ایم ایل اے ملک پیٹ اورڈاکٹر محمد مبشر احمد ، ناظم شہر، جماعت اسلامی ہند عظیم تر حیدرآباد شرکت کریں گے۔ جناب محمد مجیب الاعلیٰ امیر مقامی جماعت اسلامی ہند، ملک پیٹ نے یہاں دارالمطالعہ اسلامی ، سعیدآباد میں منعقدہ ایک پریس میٹ میں یہ تفصیلات فراہم کیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اس ایکسپو کی تیاری پچھلے 22 دنوں سے جاری ہے۔ اس دوران جماعت کے ارکان و کارکنان نے 33 اسکولوں کے انتظامیہ سے ربط پیدا کرتے ہوئے چار زمروں کے تحت پہلی تا دسویں جماعت کے طلبہ کے لیے سیرت کوئز، مضمون نویسی اور کلرنگ مقابلوں کا انعقاد کیا جس میں 6 ہزار سے زائد طلبہ نے حصہ لیا جن میں سے الگ الگ زمروں کے600 طلبہ کو ایکسپو کے دن انعام اول اور انعام دوم سے نوازا جائے گا۔ نیز جیتنے والے طلبہ کے علاوہ مسابقہ میں حصہ لینے والے سبھی طلبہ کو شرکت کا صداقت نامہ دیا جائے گا۔امیر مقامی ملک پیٹ نے بتایا کہ اس نمائش میں نبی کریمؒ کے معمولات کے علاوہ آپ کی اخلاقی تعلیمات کو اجاگر کیا جائے گا۔ نمائش کا فوکس حضور اکرمؒ کی زندگی کے چار نمایاں پہلووں ، دعوت، اصلاح ، تزکیہ اور خدمت پر مرکوز رہے گا۔علاوہ ازیں ایکسپو میں شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند کی ملک گیر مہم ’’اخلاقی محاسن آزادی کے ضامن‘‘ کے عنوان سے ایک گوشہ ہوگا۔ نیز دستاویزی فلموں کی نمائش،بچوں کےلیےخصوصی سرگرمیاں،برسرموقع کوئز و انعامات، بک اسٹال اور فوڈ کورٹ بھی اس نمائش کی خصوصیت ہوں گے۔
امیر مقامی ملک پیٹ نے بتایا کہ یہ نمائش جماعت اسلامی ہند ،حلقہ تلنگانہ کی 15 روزہ ریاست گیر ’سیرت مہم‘ کے پہلے دن رکھی گئی ہے جبکہ مہم کی سرگرمیاں پورے ماہ جاری رہیں گی ۔ اس مہم کا مقصد نبی کریم ﷺ کی حیات طیبہ اور انسانیت کے لیے ان کی بے مثال خدمات کو مؤثر انداز میں پیش کرنا، اور مختلف حلقوں میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کا ازالہ کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مہم کے دوران اسلامی تعلیمات جیسے انسانی وقار، مساوات اور اتحاد کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا، اور یہ پیغام عام کیا جائے گا کہ اسلام عقیدے کی آزادی کو فروغ دیتا ہے اور نبی کریم ﷺ تمام انسانیت کے لیے رحمت بن کر آئے۔ میلاد اور سیرت کی سرگرمیوں کو اس مہم کے ذریعے ایک مثبت سمت دینے کی کوشش کی جائے گی تاکہ اسلام کی اصل روح دنیا کے سامنے پیش کی جا سکے۔مزید یہ کہ، امت مسلمہ کے افراد کو نبی ﷺ کی دعوت، اصلاح، تزکیہ اور خدمت کی روایات پر عمل پیرا ہونے کی ترغیب دی جائے گی۔ سابق امیر مقامی ملک پیٹ و ایل بی نگر جناب سید عبدالقادر ناصر نے عامتہ الناس سے اپیل کی کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ 15 ستمبر کو صبح 10 تا 6 بجے شام کسی بھی وقت نمائش کا مشاہدہ کریں۔پریس میٹ میں ارکین مقامی مجلس شوریٰ جناب رضا احمد خاں، جناب سلیم احمد خاں اور میڈیا انچارج جناب محمد جیلانی موجود تھے۔