تلنگانہ کے جگتیال ضلع کے گروکل اسکول میں تین طلبہ اچانک بیمار _ ایک طالب علم کی موت

کورٹلہ _ 9 اگست ( اردولیکس ) تلنگانہ کے جگتیال ضلع کے میٹ پلی کے قریب واقع پدا پور گروکل اسکول کے تین طلبہ جمعرات کی نصف شب اچانک بیمار ہوگئے۔ اسکول کے عملے نے متاثرہ طلبہ کو ہسپتال پہنچایا۔ تاہم چھٹی جماعت کا طالب علم پیٹ میں شدید درد کی وجہ سے جگتیال ہاسپٹل منتقل کرنے کے دوران راستے میں فوت ہوگیا۔جس کی شناخت سرسلہ ضلع کے ایلاریڈی پیٹ کے انیرودھ کی حیثیت سے ہوئی ہے
دیگر دو میں سے ایک ہیمنت یادو کا علاج میٹ پلی ہاسپٹل میں اور مکشت نامی دوسرے طالب علم کو نظام آباد کے سرکاری ہاسپٹل منتقل کردیا گیا ہے ۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر آر ڈی او سرینواس نے میٹ پلی میں زیر علاج طالب علم کی عیادت کی۔ واقعہ کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔ طالب علم کی موت کی خبر اس کے والدین کو دی گئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔
تاہم طلبہ کی بیماری کی مکمل تفصیلات معلوم کی جانی ہیں۔
گزشتہ ماہ کی 26 تاریخ کو اسی اسکول میں ایک طالب علم بیمار ہوگیا اور اس کی موت ہوگئی تھی اسکول میں اس طرح کے واقعات سے سرپرستوں میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے