نیشنل

حیدرآبادی طالبہ کو اقوام متحدہ کا ایوارڈ

حیدرآباد۔ 10 اکتوبر (پریس نوٹ) حیدرآباد کی ایک 19 سالہ ہونہار طالبہ سیدہ نورالزین کو اقوام متحدہ کے ملحقہ ادارہ ’گرل اَپ‘ کی جانب سے چمپئینس آف چینج ایوارڈ پیش کیا گیا۔

 

انھیں نوجوانوں میں دماغی صحت کے تعلق سے ان کی بیداری کی کوششوں کے اعتراف میں 8 اکتوبر کو نئی دہلی کی ایک فائیو اسٹار ہوٹل تاج ویوانتا میں منعقدہ تقریب میں یہ ایوارڈ پیش کیا گیا۔ اس تقریب میں اقوام متحدہ کے ریسیڈنٹ کوآرڈینیٹر برائے ہند شومبی شارپ اور ممتاز اداکارہ دیا مرزا نے انھیں یہ ایوارڈ پیش کیا۔

 

اس موقع پر کنٹری ڈائریکٹر گرل اَپ انڈیا آدیتی اروڑہ اور یو این ایف پی اے کی ہندوستان سے متعلق نمائندے اینڈریا ووجنار اور گرل اپ یو ایس اے کی کنٹری ڈائریکٹر کرسٹلی جانسن بھی موجود تھیں۔ موس یونیورس ہرناز کور سندھو نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود و دماغی صحت کے شعبے میں کوششوں کے لئے سیدہ نورالزین کی ستائش کی۔

 

نورالزین یونیسیف کی نمائندہ اور یوتھ کے بول کی پالیسی کی کارکن ہیں جو کئی اہم مسائل پر بیداری پیدا کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ انھوں نے حال ہی میں جی 20 سے متعلق ویزاگ میں منعقدہ ایک تقریب میں بھی شرکت کی تھی اور بین الاقوامی شرکاء اور کئی ممالک کے وزراء کے سامنے خیالات پیش کئے تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button